کراچی، 14 مئی 2026: اے ایس اے مائیکرو فنانس بینک پاکستان لمیٹڈ نے اوانزا سلوشنز کے ساتھ ایک اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرلی ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل بینکنگ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور پاکستان بھر میں رسمی مالیاتی خدمات تک رسائی کو مزید فروغ دینا ہے۔
یہ شراکت داری مالی شمولیت کو بڑھانے اور معاشرے کے کم سہولت یافتہ طبقات تک ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی رسائی کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ بینک اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بہتر بنا کر بینکاری خدمات کو زیادہ آسان، مؤثر اور صارفین کی روزمرہ ضروریات کے مطابق بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
معاہدے کے تحت اوانزا سلوشنز، اے ایس اے بینک کی ڈیجیٹل بینکنگ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور اس کے وسیع تر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایجنڈے کو تیز کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ اس تعاون کا بنیادی مقصد صارفین کے تجربے، رسائی اور مالی شمولیت کو بہتر بنانا ہے۔ یہ ڈیجیٹل حل بینک کے مختلف آپریشنز میں شامل کیے جائیں گے تاکہ خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور آسان بنایا جا سکے۔
نظر منہاج، صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر اے ایس اے مائیکرو فنانس بینک، نے کہا کہ یہ شراکت داری صارفین کو خدمات فراہم کرنے کے طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل صلاحیتوں میں بہتری سے نہ صرف سہولت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ ان طبقات تک بھی رسمی مالیاتی خدمات پہنچائی جا سکیں گی جو روایتی طور پر اس نظام سے باہر رہے ہیں۔
دوسری جانب عمر احمد خان چیف ایگزیکٹو آفیسر اوانزا سلوشنز، نے کہا کہ یہ شراکت داری محفوظ، توسیع پذیر اور صارف دوست ڈیجیٹل بینکنگ حل فراہم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایس اے بینک کے ڈیجیٹل ڈھانچے کو مضبوط بنا کر زیادہ قابلِ رسائی اور مؤثر مالیاتی خدمات کی فراہمی میں مدد دی جائے گی، جو پاکستان میں بامعنی مالی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال میں تیزی سے اضافے کے باعث ایسی بینکاری سہولیات کی ضرورت بڑھ گئی ہے جو نہ صرف آسان ہوں بلکہ ہر طبقے کیلئے قابلِ رسائی بھی ہوں۔ جہاں روایتی بینکاری نظام وقت کے ساتھ اپنی رسائی بڑھا چکا ہے، وہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اب مالیاتی رسائی اور صارفین کی شمولیت کے خلا کو پُر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اے ایس اے مائیکرو فنانس بینک اپنی بنیادی سرگرمیوں میں ڈیجیٹل صلاحیتوں کو شامل کرکے اپنے صارفین کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے، کارکردگی بہتر بنانے اور خدمات کے مجموعی معیار کو بلند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اے ایس اے مائیکرو فنانس بینک اس وقت پاکستان بھر میں 400 سے زائد کاروباری مراکز چلا رہا ہے اور 8 لاکھ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔ یہ بینک ایمسٹرڈیم میں قائم عالمی مائیکرو فنانس نیٹ ورک اے ایس اے انٹرنیشنل کا حصہ ہے
The Biz Update