کراچی، 3 ستمبر 2026: کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان ای وی اور سولر ایکسپو کے پہلے روز الیکٹرک گاڑیوں اور سولر ٹیکنالوجی نے شہریوں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ نمائش میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں، کاروں اور رکشوں کے ساتھ مختلف اقسام کے ای وی چارجرز بھی پیش کیے گئے۔
نمائش کے پہلے روز سولر پینلز، سولر انورٹرز، الیکٹرک موٹر سائیکلوں، الیکٹرک رکشوں اور الیکٹرک گاڑیوں کے مختلف چارجرز نمائش کے لیے رکھے گئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے الیکٹرک موٹر سائیکلوں میں خاص دلچسپی ظاہر کی، جبکہ الیکٹرک رکشہ بھی شرکا کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
نمائش میں الیکٹرک گاڑیوں کے فاسٹ چارجرز کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ملک گروپ کے چیئرمین ملک خدا بخش، جو پاکستان میں الیکٹرک فاسٹ چارجرز کے سول ڈسٹری بیوٹر ہیں، نے کہا کہ ملک بھر میں ای وی چارجرز کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی کو تین سال کے دوران پاکستان بھر میں 3 ہزار ای وی چارجرز نصب کرنے کا ہدف دیا گیا ہے، جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے بھی الیکٹرک چارجرز کی تنصیب کے لیے بڑا آرڈر دیا گیا ہے۔
ملک خدا بخش نے کہا کہ نمائش میں دنیا بھر سے حاصل کیے گئے مختلف اقسام کے چارجرز پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان میں 80 کلوواٹ، 120 کلوواٹ اور 160 کلوواٹ کے چارجرز کے علاوہ دیگر اقسام کے ای وی اور ڈی سی چارجرز بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل الیکٹرک گاڑیوں کا ہے اور پاکستان میں ای وی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ مختلف اقسام کی الیکٹرک گاڑیاں اب پاکستانی مارکیٹ میں متعارف ہو رہی ہیں۔
ملک خدا بخش کے مطابق پاکستان جیسے ملک میں سولر توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ نہ صرف پٹرول اور بجلی کی بڑھتی ہوئی لاگت کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار بھی کم کر سکتا ہے۔
دریں اثنا، ایک الیکٹرک رکشہ بنانے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث خان نے بتایا کہ ان کے الیکٹرک رکشے کی قیمت تقریباً 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رکشہ ایک بار چارج ہونے پر تقریباً 120 کلومیٹر تک سفر کر سکتا ہے، جبکہ اس کی بیٹری مکمل چارج ہونے میں تقریباً چار سے پانچ گھنٹے لگتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق الیکٹرک رکشہ پہلے ہی کراچی میں متعارف کرایا جا چکا ہے اور آئندہ 30 دن کے اندر صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
پاکستان ای وی اور سولر ایکسپو کے دوران پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی نمائش میں شرکت کی۔ وفد میں طارق حسن، انور کمال، سعید خان اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے ملک گروپ کے چیئرمین ملک خدا بخش کے ہمراہ ملک گروپ کے اسٹال پر نمائش کا افتتاح کیا۔
The Biz Update