کراچی، 10 اگست 2026: پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر نیا ناظم آباد یوم آزادی اسپورٹس فیسٹیول کا رنگا رنگ افتتاح کردیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ 12 سالہ طالبہ آیت نے ملی نغمہ پیش کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
افتتاحی تقریب میں قومی پرچم لہرایا گیا۔ اس کے علاوہ کبوتروں کو فضا میں چھوڑا گیا اور کیک کاٹا گیا۔
نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر اور تقریب کے مہمان خصوصی سید محمد طلحہٰ نے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول یوم آزادی کو بھرپور جوش و جذبے سے منانے اور نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔
فیسٹیول میں کرکٹ، فٹبال، اسنوکر، اسکواش، ٹینس، پیڈل، ٹیبل ٹینس، تیراکی، بیڈمنٹن، اسکیٹنگ اور تیر اندازی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں۔ مقابلے 14 اگست تک جاری رہیں گے۔
دریں اثنا، 13 اگست کی شب میوزیکل کنسرٹ اور شاندار آتش بازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
سید محمد طلحہٰ نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی کھیلوں کے میدان میں بھی عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کریں۔
انہوں نے نیا ناظم آباد کو کھیلوں پر مرکوز کمیونٹی کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین عارف حبیب کے ’’اسپورٹس سٹی‘‘ کے وژن کی عملی تصویر ہے، جہاں 20 سے زائد کھیلوں کے لیے سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہیں صرف مناسب سرپرستی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق محدود وسائل کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
سید محمد طلحہٰ نے مزید کہا کہ کھیلوں کی سہولیات میں اضافہ نوجوانوں میں کھیلوں کا رجحان بڑھانے میں مدد دے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑی مستقبل کے اولمپکس میں بھی شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔
تقریب سے غنی عثمان، طارق اقبال اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سینئر منیجر راحیل کریم، اسپورٹس منیجر محمد آصف اور سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد رحمانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
منتظمین نے سمر کیمپ مکمل کرنے والے بچوں میں اسناد تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ ساجد عرفان، محمد عامر، عفرا صدیقی، سیدہ صِدرا، صفدر احمد، ابراہیم شیخ، عبدالشکور اور دیگر افراد کو تعریفی ایوارڈز بھی دیے گئے
The Biz Update