کراچی، 3اکتوبر 2023: پاکستان اپنی پیداوار کو بڑھاتے ہوئے جوائنٹ وینچرز اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے موجودہ معاشی بحران سے باہر نکل سکتا ہے۔ یہ بات چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی زبیر موتی والا نے منگل کو کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہونے والے تین روزہ بارہویں آئی ای ای ای پی فیئر 2023 کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جوائنٹ وینچرز سے اجتناب کرتا رہا ہے تاہم صنعتی شعبہ کو میرا مشورہ ہے کہ وہ جوائنٹ وینچرز کے زریعے ٹیکنالوجی کی منتقلی پر توجہ دیں تاکہ امپورٹ کا متبادل فراہم کرتے ہوئے قومی معیشت کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ای ای ای پی فیئر ایگزی بیٹرز کے لیے الیکٹرانکس، الیکٹریکل انجینئرنگ اور قابل تجدید توانائی ایک منفرد پلیٹ فارم ہے جس میں کنسلٹنٹ اور تجارتی مندوبین معلومات کا تبادلہ کرنے کے ساتھ انجینرئنگ انڈسٹری میں جدید تکنیکی پیش رفت اور مہارت کے بارے میں گہری آگہی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نمائش انجینرئنگ سے متعلق چیلنجز کا کفایت بخش حل فراہم کرنے کے ساتھ جدت کو فروغ دینے کا ذریعہ بنے گی۔
سی ای او ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ انجینئرنگ کے شعبہ کی قومی اہمیت کے پیش نظر یہ نمائش پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔پاکستان کو دیگر قوموں سے مسابقت کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے مقامی مصنوعات کے فروغ سے درآمدات کا متبادل مہیا کرتے صنعتی شعبہ کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا۔
اس موقع پر آئی ای ای ای پی کراچی سینٹر کے چیئرمین انجینئر خالد پرویز نے مستحکم کاروبار اور نئے کاروباری آئیڈیاز کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے فیئر کو ایک موثر پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ای ای ای پی فیئر انڈسٹری اور تدریسی شعبے کے مابین فاصلوں کو کم کرنے کے ساتھ پیشہ ورانہ اشتراک عمل کو برھانے کا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے نوجوان انجینئرز کی تحقیق اور صلاحیتوں کو انڈسٹری کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے، جدید رجحانات اور متعلقہ پیش رفت سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے فیئر کو اہم موقع قرار دیا۔
افتتاحی تقریب کے اختتامی کلمات میں بدر ایکسپو سلوشنز کے سی ای او ذوہیر نصیر نے نمائش میں حصہ لینے والی کمپنیوں، کنسلٹنٹس اور دورہ کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی سپورٹ کو فیئر کی کامیابی کا کلیدی عنصر قرار دیا۔
افتتاحی تقریب میں روس کے قونصل جنرل Dmitry A. Petrov، عمان کے قونصل جنرل انجینئر سمیع عبداللہ سلیم ال خنجری، ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی، ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر سلیمان چاؤلہ، چیئرمین آباد آصف سم سم، کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار شیخ اور آئی ای ای ای پی کے صدر انجینئرڈاکٹر سہیل آفتاب نے بھی شرکت کی۔