کراچی۔ 8 اکتوبر۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمبائنڈ ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس (CETPs) پر کام کی رفتار کو تیز کریں تاکہ صنعتوں کے فضلے کو مناسب طریقے سے تلف کیا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری صنعت و تجارت محمد یاسین شر بلوچ، ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سائٹ کوٹری میں سی ای ٹی پی فعال ہے جبکہ سائٹ سکھر ، سائٹ حیدرآباد ، سائٹ نوری آباد اور کراچی ریجن کے لیے سائٹ منگھوپیر کراچی ہارون آباد، کے پی ٹی انڈسٹریل ایریا کے لیے ماڑی پور،
سائٹ سپر ہائی وے کے لیے احسن آباد، کورنگی انڈسٹریل ایریا کے لیے محمود آباد اور لانڈھی انڈسٹریل ایریا ملیر کے لئے کمبائنڈ ایفلوئینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس پر کام مختلف مراحل میں ہے ۔
صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ان کمبائنڈ ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس کے فعال ہونے سے صنعتی فضلہ کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جاسکے گا اور ماحول کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ زراعت کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔