مکوآنہ: ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں سالانہ بنیادوں پر13فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ او سی اے سی اور عارف حبیب ریسرچ کے مطابق مالی سال کے پہلے 7ماہ میں ملک میں 9.07 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 13فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 10.47ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ جنوری میں ملک میں 1.38ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو دسمبر کے مقابلے میں 12فیصد زیادہ اور گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں 4فیصد کم ہے۔
دسمبر میں ملک میں 1.24ملین ٹن اور گزشتہ سال جنوری میں 1.44ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7ماہ میں ملک میں 4.18ملین ٹن پٹرول، 3.67ملین ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل اور 0.75ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔