اسلام آباد۔ 13 ستمبر 2024, وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور وسط ایشیائی ممالک کے مابین کاروباری سرگرمیوں کا فروغ خوش آئند ہے اور باکو آذربائیجان میں بزنس فورم کے انعقاد سے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو نزدیک آنے کا موقع ملے گا جس سے دو طرفہ تجارت کے ساتھ ساتھ باہمی اعتماد میں اضافہ اور ہم آہنگی بھی بڑھے گی۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان میں آذر بائیجان کے سفیر خضر فرادوف گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے قومی اسمبلی چیمبر میں اُن سے ملاقات کی۔آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے مابین بالخصوص 16 ستمبر کو باکو، آذربائیجان میں ہونے والے پاک بزنس فورم پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں پاکستان سے نجی کاروباری ادارے بڑی تعدادمیں شرکت کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان سینٹرل ایشیاء کے ممالک کے لیے اپنی کاروباری سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا چاہتا ہے جس کے لئے پاکستان کے مختلف شعبوں میں خاطر خواہ گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاول کا بہت بڑا ایکسپورٹر ہے جس میں خاص طور پر باسمتی میں ہمارا کوئی ثانی نہیں۔
آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان برادر اور اسلامی ہمسائیہ ملک ہے،ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور انشاء اللہ باکو کا بزنس فورم دونوں ملکوں کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے خضر فرادوف کی دعوت پر جلد آذربائیجان اور باکو کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔
ملاقات میں آذربائیجان سے بزنس کمیونٹی کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا دوسراگھر سمجھتے ہیں اور یہاں کاروبار کر کے خصوصی خوشی محسوس ہوتی ہے۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کی بزنس کمیونٹی کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور انہیں بورڈ آف انویسٹمنٹ کی طرف سے جہاں بھی ضرورت ہوئی ہر ممکن عملی مدد مہیا کی جائے گی۔