کراچی: ملک کی پہلی فزیکل اور آن لائن گولڈ فیوچر ٹریڈنگ کمپنی کا افتتاح ہوگیا ہے،کمپنی مالکان کا کہنا ہے کہ ملک میں سونے کی خرید و فروخت کے کاروبار کو دستاویزی بنایا جائیگا اور پانچ سال کے دوران حکومت کو ٹیکس کی مد میں 2500ارب روپے کی آمدنی ہوگی۔زکریا گولڈ کموڈیٹیز پرائیوٹ لمیٹڈ کا افتتاح گزشتہ روز پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج لمیٹڈ کے قائمقام ایم ڈی و سی ایف او فرحان طاہر نے کیا،جبکہ اس موقع پر پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج لمیٹڈ کے چیف بزنس آفیسر ذکی الرحمن،زکریا گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین ایم شاہد زکریا،محمد طارق،سید شاہد حسن،حبیب الرحمن،مرزا اختیار بیگ،کاشف الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد زکریا،محمد طارق اور سید شاہد حسن نے بتایا کہ زکریا گولڈ کموڈیٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کو سونے کی آن لائن فیوچر ٹریڈنگ کیلئے پی ایم ای ایکس کی جانب سے اجازت حاصل ہے اور پی ایم ای ایکس کے ساتھ ملکر سونے کی فزیکل ٹریڈنگ بھی کی جائیگی،انہوں نے مزید بتایا کہ اس کمپنی کے قیام سے ملک میں سونے کے کاروبار کو دستاویزی بنانے میں مدد ملگے اور سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی اور بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہوسکے گا۔
شاہدزکریا نے میڈیا کو بتایا کہ یہ کمپنی سونے کے نرخ کھولے گی جو کہ مرکنٹائل ایکس چینج سے منسلک ہوں گے،ہمارا اندازہ ہے کہ سونے کے کاروبار کو دستاویزی بنا کر پانچ برسوں کے دوران حکومت کو ٹیکس کی مد میں 2500ارب روپے کی آمدن ہوسکے گی،ہم پانچ سالوں کے دوران ملک بھر میں 820فرنچائز اور 2300لیبارٹیز بنائیں گے تا کہ سونے کے خالص اور معیاری ہونے کو یقینی بنایا جاسکے،اس کے علاوہ ہم لوگوں کو سونے کی بسکٹ بھی فروغ کرینگے،ہمیں یقین ہے کہ اس کمپنی کے قیام سے ملک میں سونے کے نرخوں میں استحکام آئیگا،مارکیٹ میں سٹہ بازی اور بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہوگا اور اس شعبہ کو دستاویزی بنا کر حکومت کی ٹیکس آمدن بڑھائے جاسکے گی۔