کراچی: 14 ستمبر 2024، رواں ہفتے بھی یوٹیلیٹی اسٹورز اوپن مارکیٹ کی نسبت بہت مہنگے ہوگئے۔سرکاری دستاویز کے مطابق مارکیٹ اور اسٹورز پر آٹے کی قیمت میں فرق 57.08 فیصد تک پہنچ گیا، جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو کا تھیلا اوپن مارکیٹ کی نسبت 996 روپے مہنگا یعنی 2740 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔
دستاویزمیں بتایا گیا کہ اوپن مارکیٹ میں 20 کلو کا تھیلا 1744 روپے میں دستیاب ہے اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی اوپن مارکیٹ کی نسبت 12.72 روپے مہنگی فروخت کی جارہی ہے، اوپن مارکیٹ میں چینی 142.28، جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 155 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔اسی طرح اوپن مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی اسٹورز پر سیلا چاول 39.43 روپے مہنگے فروخت کیے جارہے ہیں۔
اسٹور پر سیلا چاول 345، عام مارکیٹ میں 305.57 روپے میں دستیاب ہیں۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر دال مسور اوپن مارکیٹ کی نسبت 17.61 روپے مہنگی فروخت کی جارہی ہے، عام مارکیٹ میں دال مسور 312.39، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 330 روپے میں فروخت کی جارہی ہیں۔