کراچی 2 اکتوبر 2023: نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن میں بزنس مین گروپ کی کامیابی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور بی ایم جی کے چیئرمین زبیر موتی والا کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے بزنس کمیونٹی بزنس مین گروپ کے مرحوم چیئرمین سراج قاسم تیلی کی عوامی خدمت کے مشن کو اگے بڑھاتے ہوئے ہمیشہ ان کا ساتھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر کے عہدیداروں نے بی ایم جی لیڈرشپ کی رہنمائی میں کراچی کی تاجرو صنعتکار برادری کی بلا تفریق خدمت کی ہے چاہے وہ کے سی سی آئی کا ممبر ہو یا نہ ہو کراچی چیمبر نے ہر فورم پر بزنس کمیونٹی کی اواز بن کر ان کے مسائل کو نہ صرف اجاگر کیا بلکہ اسے حل کرنے میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا۔ ٹیکسوں سے متعلق مسائل ہوں یا بجلی، گیس کے زائد نرخوں کے مسائل زبیر موتی والا نے ایک مضبوط آواز بن کر نہ صرف حکومت کے سامنے بزنس کمیونٹی کامقدمہ نہایت ہی شاندار انداز میں پیش کیا بلکہ بزنس کمیونٹی کی تجاویز کے مطابق اسے حل کروانے کی ہر ممکن کوششیں بھی کیں جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک سنگین معاشی بحرانوں سے گزر رہا ہے۔ صنعتوں کی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی پیدواری لاگت کے باعث فیکڑیاں چلانا انتہائی دشوار ہوگیا ہے باالخصوص بجلی،گیس نرخوں میں بے پناہ اضافے سے لاگت ناقابل برداشت حد تک بڑھ گئی ہے بلکہ اب تو صنعتکار اپنی فیکٹریاں بند کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں جس سے ملکی برآمدات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ بے روزگاری بڑھنے کاخدشہ ہے۔
فیصل معیز خان نے نگران وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے کاروبار و صنعت دوست پالیسی وضع کریں اور صنعتی پیداواری لاگت میں کمی کے لیے حقیقی معنوں میں اقدامات کریں تاکہ کاروبار و صنعتیں بلا رکاوٹ چلتی رہیں اور ملک کی گرتی برآمدت میں دوبارہ اضافہ ممکن بنایا جاسکے۔