کراچی: نگراں وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نسیم الدین میرانی نے چائلڈ لیبر کی اطلاع پر صفائی ستھرائی کی نجی کمپنیز پرجرمانے عائدکرنے کے نوٹس جاری کر دیئے۔
صفائی ستھرائی کی نجی کمپنیز ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ساتھ کئے گئے معاہدے کے مطابق 18 سال سے کم عمر سینیٹری ورکریا ہیلپرملازمین نہیں رکھ سکتی،علاوہ ازیں انہوں نے ملازمین کو سرکاری مقررشدہ تنخواہیں دینے کی بھی ہدایت کی۔
ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی آپریشن میں کام کرنے والے ملازمین کو چیک کیا دریں اثنا انہوں نے علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی ہدایت پر صفائی ستھرائی کا کام انجام دینے والی تمام نجی کمپنیز کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں کہ آپریشن کے امور انجام دیتے ہوئے لیبر چائلڈ کی اطلاع ملی اورملازمین کو سرکاری مقررشدہ تنخواہیں نہ دی گئیں تو کمپنیز پر جرمانے عائدکئے جائیں گے اس کے علاوہ،سندھ پروبیہیشن آف ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ 2017، (Sindh Prohibition of Employment of Children Act,2017) کے مطابق بچوں کو ملازمت دینے پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
انہوں نے تمام نجی کمپنیز کو ہدایت کی کہ انکے جو بھی لیبر کنٹریکٹرز لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے جائیں انکے خلاف سخت ایکشن لیں انہوں نے کہا اس معاملے پر کوئی عذر برداشت نہیں کیا جائے گا، لہذا کمپنیز ہدایات کے مطابق کام انجام دیں۔