کراچی: قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے صاحبزادے محمد احمد بھی ڈاکٹر بن گئے۔ انہوں نے ایم بی بی ایس کی ڈگری مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی پانچویں کانووکیشن تقریب میں وصول کی۔ تقریب تقسیم اسناد کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری تھے۔ اس موقع پر ان کی خالہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی، بہن مریم و دیگر اہلخانہ بھی موجود تھے۔ تقریب تقسیم اسناد کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ اس موقع پر عافیہ شدت سے یاد آ رہی ہے۔
میں اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہوں کہ اس نے عافیہ کے بچوں کی پرورش کے معاملے میں آج مجھے سرخرو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عافیہ کا بیٹا احمد ڈاکٹر بن گیا ہے تو ان شاء اللہ اگلے سال بیٹی مریم ڈاکٹر بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عافیہ بھی اس تقریب میں موجود ہوتی تو کس قدر خوش ہوتی اور ہم سب اہلخانہ کی خوشیاں بھی دوبالا ہو جاتیں۔ ڈاکٹر عافیہ کے بیٹے ڈاکٹر احمد نے کہا کہ آج میں اپنی زندگی کے دوسرے اہم ترین دن کے موقع پر اپنی بے گناہ ماں کو بہت زیادہ مِس کر رہا ہوں۔ پہلا اہم ترین دن وہ تھا جب میں نے قرآن پاک حفظ کیا تھا۔
میں پہلے حافظ قرآن بننے اور اب ڈاکٹر بننے کا تمام تر کریڈٹ اپنی نانی عصمت صدیقی مرحومہ اور خالہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو دوں گا جنہوں نے مجھے اور میری بہن کو افغانستان میں امریکی کسٹڈی سے بازیاب بھی کرایا تھا۔ انہوں نے کہا میری زندگی کا سب اہم ترین دن وہ ہوگا جب ان شاء اللہ میری بے گناہ ماں رہائی پا کر وطن واپس آئیں گی۔