کراچی: فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کا اسلام آباد کے مہنگے مقامی ہوٹل میں ہونے والے اچیومنٹ ایوارڈکی ناکامی نے فیڈریشن چیمبر میں برسراقتدار بزنس مین پینل(بی ایم پی)کیلئے30دسمبر کے انتخابات میں پریشانیاں پیدا کردیں۔
تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ایف پی سی سی آئی کے زیراہتمام دارالحکومت اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہونیوالے اچیومنٹ ایوارڈمہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی عدم شرکت،دیگر اہم وزراء کی عدم دلچسپی نے تقریب کو نہ صرف ناکام بنا دیا بلکہ دودرجن ایوارڈ لینے والے ایوارڈ یافتگان نے اہم شخصیت کے ہاتھوں ایوارڈ نہ ملنے پر شدیدغم وغصے کا اظہار کیااورایوارڈ لینے والی افراد کسی بھی اہم شخصیت سے ایوارڈ وصول نہ کرنے کے سبب غصے میں اپنے ایوارڈ چھوڑ کر چلے گئے۔
تقریب میں شریک بیشترمہمانوں کا کہنا تھا کہ تقریب ناکام رہی۔تقریب کیلئے تین ہزار سے زائد دعوت نامے جاری کئے جانے کے باوجود تقریباً200 مہمانوں نے ہی شرکت کی اور نشستوں کو بھرنے کیلئے ذاتی گارڈز، سیکیورٹی اسٹاف اور ڈرائیورزکوبیٹھایا گیا۔ تقریب میں بزنس مین پینل کے حامی گورنر کے پی کے حاجی غلام علی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہاتھوں ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔
واضح رہے کہ گورنر سندھ کے چھوٹے بھائی عمران ٹیسوری ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر کا الیکشن لڑ رہے ہیں اور گورنر کے پی کے چھوٹے چیمبر کے نمائندے اور حکمران گروپ کے سیکرٹری جنرل ہیں۔اس تقریب میں انتظامیہ کی مایوس کن کارکردگی کراچی میں رواں سال کے وسط میں منعقدہ ایف پی سی سی آئی ایکسپورٹ ایوارڈز کی تقریب کی ناکامی کی عکاسی کرتی ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات کے لئے بزنس مین پینل پرانے اور نئے اراکین دونوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں ناکام رہا اورفیڈریشن کے ووٹرزکی غیر دلچسپی حکمران گروپ کے لیے بہت تشویش کا باعث ہے۔ٹریڈ باڈی کے ممبران اس ایونٹ کی ناکامی کو آنے والے انتخابات کی عکاسی کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور اپوزیشن کی ممکنہ ناکامی کا اشارہ دے رہے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں صرف 3 دن باقی رہ گئے ہیں اور ایوارڈ تقریب کو کامیاب بنانے اور ووٹرز کو اپنی جانب جھکانے کی بزنس مین پینل کی قیادت کی آخری کوشش بھی کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔
دوسری جانب ایف پی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل جنہوں نے خود کو حکمراں جماعت سے جوڑ دیاہے اور اپوزیشن کے خلاف عدالتی مقدمات میں الجھ کر رہ گئے ہیں اب خود کو ایف پی سی سی آئی میں اپنے دن گن رہے ہیں۔