صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں تعلیم کے ساتھ شعور اور اقدار کا فروغ بھی لازمی ہے،اگر ملک سے دیانت دار قیادت نکل آئے تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے جانب سے 63 مختلف شعبوں میں خدمات کی فراہمی کے علاوہ ، آئی ٹی کی اعلی ٰ تعلیم کے فروغ اور بلا امتیاز رنگ و نسل مستحق افراد کے لیے مفت دستر خوان کا اہتمام منفرد اور قابل تحسین اقدامات ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو محمد علی سوسائٹی پر واقع مفت دستر خوان اوراسکول آف بزنس اسلامک لیڈر شپ کے دورے کے موقع پر طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صدر مملکت کی آمد پر ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروقی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔اس موقع پر ٹرسٹ کے صدر امین لاکھانی ،چیف ایگزیکٹیو آفیسر مفتی مدنی،چیف آپریٹنگ آفیسر محمد غزال الیاس،سیلانی کے بورڈ آف ٹرسٹی منور یونس اور ابوفیصل بھی موجود تھے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر سیلانی اسکول آف بزنس اینڈ اسلامک لیڈر شپ کی تزئین و آرائش کی گئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا اور کلاس روم کا دورہ کرکے طلبہ سے بات چیت کی۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر علوی نے سیلانی کےمحمد علی سوسائٹی دستر خوان مرکز کا دورہ کیا جہاں مستحقین کے لیے روزانہ تین وقت مفت دستر خوان کا اہتمام کیا جاتا ہے،انہوں نے عام افراد کے ساتھ بیٹھ کر دوپہر کا کھانا کھایا اور دستر خوان پر موجود دیگر عام شہریوں سے بات چیت کی۔انہوں نے اپنی جانب سے سیلانی کے لیے عطیہ کا چیک بھی پیش کیا ۔
سیلانی اسکول آف بزنس اینڈ اسلامک لیڈر شپ میں زیر تعلیم طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں تعلیم کے ساتھ شعور کا فروغ بھی لازمی امر ہے،شعور نہ ہو تو اس کا نقصان قوموں کو اٹھانا پڑتا ہے۔انہوں نے دنیا میں ہونے والی جنگ و جدل کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ جن کے پاس علم ہے وہی ظلم کررہے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک کے پاس تعلیم کی کمی نہیں ہے لیکن افسوس کہ غزہ میں معصوم بچوں کے قتل عام پر دنیا کی خاموشی ثابت کرتی ہے کہ امن کے لیے صرف علم کا ہونا کافی نہیں ،شعور بھی ضروری ہے۔سچائی،ہمدردی اور شعور کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ ہمیشہ دیانت داری کو اپنا شعار بنائیں، ملک سے دیانت دار قیادت نکل آئے تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے۔روزگار کے لیے علم کے ساتھ ہنر اور شعور لازمی ہے۔قبل ازیں مولانا بشیر فاروق نے صدر مملکت کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور سیلانی کے دیگر منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔سی او او غزال الیاس نے صدر مملکت کو آئی ٹی پارکس کی تعداد کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مزیدچھ نئے آئی ٹی پارکس کے علاوہ دیگر چار شہروں میں ایسے مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔