اسلام آباد، 10 اکتوبر 2024: اسلام آباد ویمن چیمبر کی صدر ثمینہ فاضل نے کہا ہے کہ تاجر خواتین ملک میں اقتصادی استحکام سے خوش ہیں اور حالات مزید بہتر ہونے کے بارے میں پر امید ہیں۔ حکومت کو معاشی چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیر تجارت جام کمال خان ملک میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں اور تاجر خواتین کی ترقی میں دلچسپی لے رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔
یہ بات ثمینہ فاضل نے وزیر تجارت سے ایک ملاقات کے بعد چیمبر کی عہدیداروں اور ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے وزیر تجارت کو اپنی سفارشات پیش کی ہیں جن کی منظوری سے تاجر خواتین اور معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔انھوں نے کہا کہ ہم نے خواتین کو تجارتی وفود میں شامل کرنے، ان کے لئے سبسڈی، اہم پالیسیوں میں ان سے رائے لینے، اور افریقہ میں ہونے والی تجارتی نمائشوں میں شرکت کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ خواتین کے چیمبر کے لئے عمارت، خواتین کے مختلف چیمبروں کی منظوری ، مختلف متعلقہ اداروں کے بورڈ میں کاروباری خواتین کی شمولیت ، بجٹ میں انکے لئے وسائل کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ثمینہ فاضل نے کہا کہ وفاقی وزیر نے انھیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے اور ان سے وعدہ کیا ہے کہ دیگر ممالک میں منعقد ہونے والی نمائشوں میں انکی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا جس سے خواتین کو معیشت میں مرکزی دھارے میں لانے میں مدد ملے گی۔