لاہور: پاکستان میں مشینری کی درآمد میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو 6.36فیصد بڑھ کر 2ارب 93کروڑ 55لاکھ 76ہزار ڈالر رہی۔اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ میں دنیا بھر سے مشینری کی مجموعی درآمد میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6.36فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق جولائی سے نومبر 2023 کے دوران دنیا بھر سے مشینری کی درآمد 2 ارب 93 کروڑ 55 لاکھ 76 ہزار ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 2 ارب 76 کروڑ ڈالر رہی تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زرعی مشینری اور آلات کی درآمد 60.76 فیصد اضافے سے 3 کروڑ 18 لاکھ ڈالر سے زائد رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ایک کروڑ 97 لاکھ 84 ہزار ڈالر تھی۔
آفس مشینری اور ڈیٹا پروسیسنگ آلات کی درآمد میں 57.11 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے 12 کروڑ 99 لاکھ 9 ہزار ڈالر کے مقابلے میں رواں مالی سال 20 کروڑ 40 لاکھ 95 ہزار ڈالر رہی، اسی طرح تعمیرات اور کان کنی کی مشینری کی درآمد جو گزشتہ سال 3 کروڑ 32 لاکھ 60 ہزار ڈالر تھی، 3.87 فیصد اضافے سے 3 کروڑ 45 لاکھ 46 ہزار ڈالر رہی۔رپورٹ کے مطابق الیکٹرسٹی مشینری اور دیگر آلات کی درآمد 17.10 فیصد اضافے سے 91 کروڑ 20 لاکھ 73 ہزار ڈالر رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 77 کروڑ 89 لاکھ 2 ہزار ڈالر تھی جبکہ ٹیلی کام سے متعلق آلات کی درآمد میں بھی 74.36 فیصد اضافہ ہوا جو 45 کروڑ 56 لاکھ 25 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 79 کروڑ 44 لاکھ 45 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔
مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران موبائل فون کی درآمدات میں 112.20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال کے 29 کروڑ 5 لاکھ 50 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 61 کروڑ 65 لاکھ 41 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی اور اس سے متعلق دیگر آلات کی درآمد 16 کروڑ 50 لاکھ 75 ہزار کے مقابلے میں 7.77 فیصد اضافے سے 17 کروڑ 79 لاکھ 4 ہزار ڈالر ہوگئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا نومبر 2023 کے دوران پاور جنریشن مشینری کی درآمد میں 26.24 فیصد کی کمی دیکھی گئی جو گزشتہ سال کے 24 کروڑ 31 لاکھ 35 ہزار ڈالر سے کم ہوکر 17 کروڑ 93 لاکھ 37 ہزار ڈالر رہ گئیں، اس کے علاوہ ٹیکسٹائل مشینری کی درآمد بھی 73 فیصد گر کر 5 کروڑ 68 لاکھ 3 ہزار ڈالر گہ گئی جو گزشتہ سال 21 کروڑ 27 لاکھ 86 ہزار ڈالر تھی، اسی شعبے کے دیگر آلات کی درآمد میں بھی 18 فیصد کمی دیکھی جو 88 کروڑ 66 لاکھ 54 ہزار سے کم ہوکر 72 کروڑ 24 لاکھ 73 ہزار ڈالر رہ گئی۔مزید بتایا گیا ہے کہ سال بہ سال کی بنیاد پر نومبر 2023 میں مشینری کی درآمد میں 9.17 فیصد کا اضافہ ہوا جو 53 کروڑ 48 لاکھ 63 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 58 کروڑ 39 لاکھ 26 ہزار ڈالر ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق ماہ بہ ماہ بنیاد پر مشینری کی درآمدات میں اکتوبر 2023 کے مقابلے میں نومبر میں 15.95 فیصد کم رہیں۔