اسلام آباد۔8اگست:۔۔۔پاکستان اور ترکی کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تجارت میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے راؤنڈ ٹیبل بزنس کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں ترکی کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات اور وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سرکاری حکام اور بزنس کمیونٹی سے متعلق اہم شخصیات نے شرکت کی اور ترکیہ اور پاکستان کے مابین انفرانسٹرکچر سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور انرجی کے شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری پر مثبت بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے پاکستان ترکیہ بزنس ر اؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے بھائی چارے،باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور یہ دونوں ملک پہلے ہی معاشی اور مشترکہ کاروباری معاہدوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری اور بزنس کا فروغ چاہتا ہے کیونکہ یہ ترکی اور پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کا وقت ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ترکیہ سے بزنس کمیونٹی کی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے یقین دلایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے آنے والی کمپنیوں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کریں گے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ترکی کے وزیرتجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سے ترکی کے معاشی اور کاروباری تعلقات اور دوطرفہ شراکت کا نیا آغاز ہونے جا رہا ہے، ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ترکی پاکستان سے ہر ممکن تعاون کو ہر حال میں یقینی بنائے گا۔
ترکی کے ڈپٹی ٹریڈ منسٹر مصطفی تا رکو،پاکستان میں ترکی کے سفیر مہمت پکیکی اور ٹریڈ منسٹری کے ڈائریکٹر جنرل حسنو بالمیر کے علاوہ مختلف چیمبر آف کامرس کے صدوراور بزنس کمیونٹی کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے تجویز پیش کی کہ انفرانسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے۔ پاکستان کے اہم تجارتی اداروں کے نمائندوں نے ترکی کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اپنی جدید مشینری اور پاکستان اپنے خام مال سے مل کر بہتر ترقی کر سکتے ہیں۔
دریں اثناء چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔انہوں نے بتایا کہ چین میں پاکستانی سفارتخانہ مکمل طور پر متحرک ہے اور خاص طور پر کمرشل سیکشن دن رات کام کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری عبدالعلیم خا ن نے چین میں پاکستانی سفارتخانے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں چینی کمپنیوں کو ہر ممکن مدد کو یقینی بنانا ہوگا۔انہو ں نے کہا کہ پہلی مرتبہ 100سے زائد چینی کمپنیوں کی پاکستان میں آمد خوش آئند ہے اور اب دونوں ملک بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کو مزید فروغ دینگے۔
عبدالعلیم خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ چین سے ٹیکسٹائل، پلاسٹک، سرجیکل اور فٹ وئیر سمیت مختلف اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری ہوگی جبکہ تعمیرات جیسے بڑے شعبے میں بھی "جوائنٹ وینچرز”ہو سکتے ہیں۔ عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں سے پاکستانی اداروں اور سرکاری حکام کو ہر ممکن تعاون کرنا ہوگا جبکہ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین مشترکہ بزنس سیشن کے انعقاد سے مزید مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔