لاہور: 09 ستمبر 2024، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اچانک چلڈرن ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی، کارڈیک، او پی ڈی، آپریشن تھیٹرز و دیگر مختلف شعبہ جات کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی و طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر جنید رشید اور ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ٹیپو سلطان نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال لاہور کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی و طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب کے سرکاری چلڈرن ہسپتالوں کی استعدادکار بڑھائی جا رہی ہے۔