کراچی، 13 نومبر 2024: ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج میں نیند اور صحت کے تعلق پر ایک اہم سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں طبی ماہرین نے نیند کی اہمیت اور اس کی کمی کے خطرات پر تفصیلی گفتگو کی۔ ڈاکٹر منصور احمد، جو امریکہ کے کلیولینڈ سلیپ اینڈ ریسرچ سینٹر کے سابق ڈائریکٹر ہیں، نے کہا کہ کم نیند یا بے خوابی نفسیاتی مسائل جیسے پی ٹی ایس ڈی، ڈپریشن، اور انزائٹی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے نیند کی خرابی کو دل کی بیماریوں، میٹابولک ڈس آرڈرز، اور اعصابی مسائل کے ساتھ منسلک قرار دیا۔
ڈاکٹر منصور نے امریکی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 5 سے 6 کروڑ امریکی شہری نیند کے مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے نیند کی کمی کو سڑک حادثات کی بڑی وجہ قرار دیا اور بتایا کہ امریکی پولیس سالانہ ایک لاکھ حادثات رپورٹ کرتی ہے، جن میں 4 فیصد اموات واقع ہوتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کی رات کو جاگنے کی عادت مستقبل میں صحت کے سنگین مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔ نیند کے مختلف اسٹیجز اور علاج کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
ڈاؤ یونیورسٹی کے پروفیسر افتخار احمد نے کہا کہ نیند نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی اور جذباتی صحت کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے طلبا اور عوام کو نیند کے مسائل کی تشخیص کے لیے اسکریننگ ٹولز استعمال کرنے اور ماہرین کی تربیت پر زور دیا۔
اس آگاہی سیشن میں نیند کی دوا کے شعبے میں تحقیق کے مواقع اور جدید علاج پر بھی روشنی ڈالی گئی۔