کراچی ۔ 24 ستمبر۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ لاڑکانہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں کی ترقی کے لئے لاڑکانہ انڈسٹریل زون کو اکنامک اسپیشل زون کا درجہ دے دیا گیا ہے ۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں سائٹ حکومت سندھ، اسپیشل اکنامک زون اور حکومت پاکستان کے درمیان ایک معاہدے کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مذید کہا کہ اکنامک زون کے قیام سے اینگرو بیسڈ مقامی صنعتکاروں کو انڈسٹری لگانے کے وسیع مواقع دستیاب ہوگئے ہیں۔
کراچی میں منعقدہ تقریب میں سائٹ ایسوسی ایشن نے انفرااسٹرکچر کی تعمیر و ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد لاڑکانہ انڈسٹریل زون کو اسپیشل اکنامک زون آف لاڑکانہ کا درجہ ملنے کے بعد اسے مکمل طورپر سیزا کے سپرد کردیا۔2017 میں شروع ہونے والا انڈسٹریل زون کا منصوبہ 2021 میں 1366 ملین روپے سے زیادہ لاگت مکمل ہوا ہے، پانچ سو ایکڑ پر مشتمل منصوبے میں ایک ایکڑ کے 94 انڈسٹریل پلاٹ جبکہ ایک ہزار گز پر کمرشل پلاٹ شامل ہیں۔
صوبائی وزیر صنعت تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ایکنامک زون میں تمام بنیادی سہولتیں موجود ہیں۔ مقامی اور ملک بھر کے صنعتکاروں کے پاس اپنے کاروبار کو توسیع دینے اور نئی انڈسٹری لگانے کا سنہری موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خواہش ہے کہ صوبہ سندھ کے ہر ضلع میں صنعتی ترقی ہو کیونکہ صنعتی ترقی کے بغیر کوئی بھی ملک حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کرسکتا ۔ اس موقع پر ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری بھی موجود تھے۔