کراچی 12 اکتوبر 2023: بینک دولتِ پاکستان نے جمعرات کو حال ہی میں جاری ہونے 75 روپے کے دو نئے یادگاری نوٹوں کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے انہیں قابل استعمال قراردیا ہے۔
نئے نوٹوں کے حوالے سے پاکستانی عوام میں مختلف شکوک و شبہات پائے جارہے تھے اور لوگ ان نوٹوں کو قبول کرنے سے گریزاں تھے۔
بینک دولت پاکستان نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956ء کے ذیلی سیکشن کے تحت اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ تمام بینک نوٹ بشمول یادگاری نوٹ درج رقم کے اعتبار سے وفاقی حکومت کی ضمانت کے حامل اور پاکستان بھر میں (لیگل ٹینڈر) قانونی طور پر استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
لہٰذا 14 اگست 2022ء کو پاکستان کے 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر جاری کردہ 75 روپے (بیشتر سبز رنگ کا حامل) کا نوٹ اور اسٹیٹ بینک کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر 04 جولائی 2023ء کو جاری ہونے والا 75 روپے (بیشتر نیلے رنگ کا حامل) کا نوٹ پورے پاکستان میں لیگل ٹینڈر (قانونی طور پر قابلِ استعمال) ہے۔
مذکورہ بینک نوٹوں کو تبادلے کے ذریعے یعنی نجی اور سرکاری واجبات کے تصفیے کے لیے یکساں طور پر استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ بینک اور تمام کمرشل بینک یہ نوٹ عوام کو جاری اور ان سے قبول کریں گے۔