دبئی: انٹرنیشنل کونسل آف کرکٹ (آئی سی سی)نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر 2023 کا اعلان کردیا، ٹیم میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں۔آئی سی سی کی ٹیم آف دی ایئر ان 11 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جنہوں نے 2023 کے دوران بلے بازی، بالنگ اور آل رانڈر کے طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم اس ٹیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہوسکا۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھارت کے 4 زمبابوے کے 2، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، یوگینڈا اور آئرلینڈ کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔بھارت کے سوریا کمار یادیو ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
بھارت کے ہی یشاسوی جیسوال، روی بشنوئی اور ارشدیپ سنگھ بھی ٹیم میں شامل ہیں، زمبابوے کے سکندر رضا اور رچرڈ این گاراوا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔اس کے علاوہ انگلینڈ کے فل سالٹ، ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران (وکٹ کیپر)، نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین بھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہیں یوگینڈا کے الپیش رامجانی اور آئرلینڈ کے مارک ادیر بھی آئی سی سی کی ٹیم کا حصہ ہیں۔