کراچی: کریسنٹ آرٹ گیلری کے تحت کیوریٹر سدرہ ناصر اور انایا حسین نے گورنر ہاؤس میں آرٹسٹ قمر صدیقی کے فن پاروں، دی لانگ رنگ (The Long run) کی ایگزبیشن کا اہتمام کیا۔ نگراں صوبائی وزیر ٹورازم ارشد ولی محمد نے ربن کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کریسنٹ کے چیئرمین ناصر جاوید، سی ای او سمیر ناصر، غیر ملکی سفارتکار، سبطین نقوی، گوہر بلال، زینب ایف۔انصاری، عائشہ ظہیر، فریال شاہد خواجہ، انیتا خان، فائزہ، ارم فواد، چتراپریتم و دیگر بھی موجود تھے۔ ارشد ولی محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کریسنٹ آرٹ و کلچر کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔ آرٹ ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔
فن پاروں کے ذریعہ کثیر زرمبادلہ حاصل کرنے کے علاوہ دنیا بھر کے ممالک سے دوستانہ تعلقات مزید بہتر بنائے جاسکتے ہیں۔ ناصر جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ و کلچر کی ترقی کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت کام کررہے ہیں۔ پاکستان کے علاوہ برطانیہ، امریکہ، کینڈا و دیگر ممالک میں تواتر کے ساتھ آرٹ شو منعقد کررہے ہیں۔ آرتسٹ قمر صدیقی نے کہا کہ لانگ رن کے ذریعہ سچائی، ایمانداری اور خلوص کا میسج اجاگر کیا گیا ہے۔
معاشرے میں خلوص اور ایمانداری کے ذریعہ بہتری لائی جاسکتی ہے۔ سدرہ ناصر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ گراس روٹ لیول پر آرٹ کا شعور اجاگر کیا جائے۔ پرائمری اور سیکنڈری اسکول کی سطح پر آرٹ کلاسز کا انعقاد ہونا چاہئے۔ علاوہ ازیں کلچر شو، گروپ ڈسکشن کا انعقاد بھی کیا گیا۔ گروپ ڈسکشن میں سینئر آرٹسٹوں اور طلباء نے آرٹ کی ترقی کیلئے اقدامات پر گفتگو کی جبکہ عمائدین شہر کلچر شو سے لطف اندوز ہوئے۔