کراچی، 19 اکتوبر 2024: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے حالیہ بلوں میں کونیکل بیفل کی قیمت شامل کیے جانے پر صارفین کی جانب سے شدید شکایات سامنے آئیں، جس کے بعد اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) نے فوری ایکشن لیا ہے۔ کراچی کے لاکھوں گیس صارفین کو اچانک اضافی بل جاری ہونے پر غم و غصہ کا سامنا ہے، جس میں کونیکل بیفل کی مد میں ہزاروں روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اوگرا کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایس ایس جی سی سے کونیکل بیفل کی قیمتوں کے حوالے سے تحریری وضاحت طلب کی گئی ہے۔ اوگرا نے کمپنی سے اس معاملے کی تفصیلات اور بلوں میں اضافی قیمت شامل کرنے کے طریقہ کار کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
اوگرا کے مطابق، کونیکل بیفل کی لاگت گیس بل میں بارہ مساوی ماہانہ اقساط میں وصول کرنے کی منظوری دی گئی تھی، لیکن ایس ایس جی سی نے لاکھوں صارفین کو مکمل رقم کے ساتھ بل جاری کر دیے، جو اوگرا کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان اوگرا نے مزید واضح کیا کہ صارفین پر کونیکل بیفل ایس ایس جی سی کے ٹھیکیدار سے لگوانے کی کوئی پابندی نہیں ہے، اور وہ اپنے گیزر پر بیفل خود بھی نصب کروا سکتے ہیں۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ یہ صارفین کی ذمہ داری ہے کہ وہ توانائی کے بچاؤ کے لیے گیزر میں کونیکل بیفل نصب کریں، جبکہ ایس ایس جی سی کو صارفین کے گھروں میں گیزر کی جانچ کرنے کا حق حاصل ہوگا تاکہ وہ اس بات کو یقینی بنا سکے کہ گیزر پر کونیکل بیفل درست طریقے سے نصب ہے۔
یہ معاملہ عوامی سطح پر شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، اور اوگرا کی تحقیقات کے بعد اس تنازع کا حتمی حل متوقع ہے۔