کراچی: وزارت ثقافت سندھ نے ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے بچوں کے لیے 2 نئے قوانین تیار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کی وزارت ثقافت نے چلڈرن ڈرامہ انڈسٹری آرڈینیس اور سندھ ایکٹر رائلٹی آرڈینیس کے نام سے قوانین تیار کیے ہیں۔صوبائی وزیر ثقافت جنید علی شاہ کا کہنا ہے کہ ڈرامہ انڈسٹری آرڈینینس کے تحت بچوں کے ورکنگ آور طے کیے جائیں گے، ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے بچوں کو اسکول کے اوقات میں کام پر نہیں بلایا جائے گا اور رات دیر تک شوٹنگ اور ریکارڈنگ کے لیے نہیں روکا جائے گا۔
جنید علی شاہ نے کہا کہ بچوں کو اسکول کے اوقات اور رات دیر تک شوٹ پر بلانے پر کارروائی ہوگی، خواہش ہے آرٹسٹ بچے اپنا کام اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ جاری رکھیں۔نگراں وزیر ثقافت نے کہا کہ سندھ ایکٹر رائلٹی آرڈیننس کے تحت فنکاروں کو تحفظ ملے گا اور پروڈکشن کمپنی، فنکاروں کے معاہدے سے متعلق شکایت حل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کی جائیگی۔
پروڈکشن کمپنی اور فنکاروں کے درمیان معاہدے سے متعلق شکایت حل کرنے کیلیے کمیٹی قائم کی جائیگی، فلم اور ڈرامہ کے سوشل میڈیا اور دیگر منافع میں سے فنکاروں کو رائلٹی دی جائے گی جبکہ وزارت ثقافت میں رجسٹرڈ فنکار رائلٹی سے متعلق کمیٹی سے رجوع کرسکتے ہیں۔