اسلام آباد۔26اگست:۔۔۔ پاکستان میں بیلا روس کے سفیر آندرے میٹیلیسا نے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آندرے میٹیلیسا نے آئندہ ماہ ستمبر میں بیلاروس میں ہونے والے ”ٹرانسپورٹ ویک” اور اس میں پاکستان سے نمائندگی پر بات چیت کی اور وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کو شرکت کی دعوت دی۔
بیلا روس کے سفیر نے وفاقی وزیر سے ملاقات میں روس، کاغزستان اور ازبکستان کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے” جوائنٹ میمورنڈم "میں پاکستان کی شمولیت اور دیگر معاملات پر گفتگو کی۔ وفاقی وزیربرائے مواصلات عبدالعلیم خان اور بیلا روس کے سفیر آندرے میٹیلیسا کے مابین مواصلات اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوااور پہلے سے موجوددو طرفہ تعلقات میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بیلاروس کے مابین باہمی تعلقات بالخصوص تجارتی امور میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان، چین اور وسط ایشیائی ریاستوں سے مشرقی یورپ تک شاہراہوں کے ذریعے رسائی حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ ٹریڈ کیلئے ٹرانزٹ روٹ اور سڑکوں کے ذریعے تجارتی راہداریوں کا سلسلہ سارے خطے کے لئے خوش آئند ہو گا۔بیلا روس کے سفیر آندرے میٹلیسا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اُن کا پاکستان میں قیام خوشگوارہے، یہاں کے لوگ ملنسار جبکہ سبزیاں اور پھل شاندار ہیں۔
بیلاروس کے سفیر۔۔۔ کو وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چئیرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ذرائع آمدورفت میں ممکنہ تعاون اور مختلف جاری منصوبوں پر بریفنگ دی جن کا تعلق افغانستان، چین اور وسط ایشیائی ریاستوں سے ہے۔