اسلام آباد: کرکٹر شعیب ملک کی شادی سے قبل بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی جانب سے کی گئی انسٹاگرام پوسٹ وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے طلاق اور شادی سے متعلق بات لکھی تھی۔ثانیہ مرزا کے شوہر شعیب ملک نے 20 جنوری کو پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کی تصدیق کی، اداکارہ کی یہ دوسری شادی ہے۔شعیب ملک کی شادی سے قبل ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شادی اور طلاق سے متعلق پوسٹ کرتے ہوئے دونوں کو سخت فیصلہ قرار دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ثانیہ مرزا نے اپنی طلاق کی افواہوں کے بعد 17 جنوری کو انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ طلاق اور شادی دونوں ہی مشکل فیصلے ہیں تاہم ہر کسی کی اپنی مرضی ہوتی ہے کہ وہ کون سے مشکل فیصلے کا انتخاب کرتا ہے۔ثانیہ مرزا نے لکھا تھا کہ اسی طرح فٹ رہنا اور موٹا رہنا بھی مشکل فیصلے ہیں جب کہ مقروض رہنا اور معاشی طور پر مستحکم رہنا بھی مشکل فیصلے ہیں اور ہر کوئی اپنی پسند کا فیصلہ کرتا ہے۔
ٹینس اسٹار نے لکھا تھا کہ زندگی آسان نہیں ہوتی، یہ بہت مشکل ہوتی ہے تاہم ہر کوئی سمجھداری سے اپنے فیصلے اور انتخاب کر سکتا ہے۔ثانیہ مرزا کی مذکورہ پوسٹ کے تین دن بعد شعیب ملک نے دوسری شادی کی تصدیق کی۔شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی اپریل 2010 میں ہوئی تھی، شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔دونوں اسٹارز کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں بھارتی میڈیا میں شائع ہوئیں۔