کراچی : یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدر زبیرطفیل نے کہا ہے کہ30 دسمبر2023کو ہونے والے ایف پی سی سی آئی انتخابات میں اس بار مخالفین کے جعلی ووٹوں کے ذریعہ اقتدار پر قبضہ کرنے کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔
انہو ں نے کہا ہے کہ پاکستان بھر سے بزنس کمیونٹی کے نمائندے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر کی سرپرستی میں متحد ہوچکے ہیں اور وہ بخوبی جان چکے ہیں کہ یو بی جی کے پلیٹ فارم سے ہی انکے مسائل حل ہوسکیں گے۔
زبیرطفیل نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر کے عہدے کیلئے عاطف اکرام شیخ اور سینئرنائب صدر کیلئے ثاقب فیاض مگوں بہترین امیدوار ہیں اور دونوں نائب صدر کی حیثیت سے فیڈریشن میں بہترین خدمات انجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کا پلڑا بھاری ہے اوربرسراقتدار گروپ کی ناقص پالیسیوں اورناکام قیادت سے مایوس ہوکر مخالف گروپ کے رہنما اور ووٹرزیو بی جی کی جانب آرہے ہیں کیونکہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ ایف پی سی سی آئی کی بقاء صرف یو بی جی کی کامیابی سے ہی ممکن ہے۔
زبیرطفیل نے کہا کہ یو بی جی نے 30دسمبر کو ہونے والے الیکشن کیلئے مکمل تیاریاں کرلی ہیں اور ہم اپنے ووٹرز سے مکمل رابطے میں ہیں،یو بی جی ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حکومت تک پہنچائے اور انہیں حل کرانے کیلئے ہرسطح تک گئے اور آئندہ بھی صدارتی منصب پر عاطف اکرام شیخ اور سینئرنائب صدر کے عہدے پر ثاقب فیاض مگوں منتخب ہوکر کاروباری برادری کو پریشانی سے نجات دلانے کیلئے ہردروازہ تک جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر غیرقانونی اقدامات کئے جانے کے باوجود ہم بزنس مین پینل کو فرار کا راستہ نہیں دیں گے،افسوس یہ ہے کہ اقتدار کی ہوس میں بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے ایف پی سی سی آئی کی عزت کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور ہم نے تاجربرادری کی وفاقی آرگنائزیشن کو مالی طور پر مضبوط کیا تھا مگر نااہل برسراقتدار گروپ نے اسے دوبارہ پستی کی جانب دھکیل دیا ہے۔