بیجنگ، چین۔24ستمبر:۔۔۔پاکستان اور چین کے مابین 4میگا منصوبوں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے جس کے تحت سی پیک کے "مسنگ لنکس ” مکمل کیے جائیں گے اور ایم ایل ون، ایم 6،ایم 9،کاغان ناران سے بابو سرٹاپ اور چلاس ٹنل جبکہ شاہراہ قراقرم فیز 2کے منصوبے شامل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق بیجنگ، چین میں پاکستان سے وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان عالمی ٹرانسپورٹ کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچے جہاں اُن کا پہلے روز چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لی ژیاپینگ سے تفصیلی مذاکراتی سیشن ہواجس میں سکھر سے حیدرآباد ایم 6اور حیدرآباد سے کراچی ایم9، بندرگاہ سے ملتان تک ریل کے منصوبے ایم ایل ون، کے کے ایچ فیز ٹو کے تحت تھاہ کوٹ سے رائے کوٹ تک شاہراہ قراقرم اور مانسہرہ سے کاغان ناران بابوسرٹاپ اور چلاس ٹنل تک کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔
دونوں وزراء صاحبان نے مل کر ان پراجیکٹس پر کام کرنے پر اتفاق رائے کیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے چین سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سمیت مختلف پہلوؤ ں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ چین میں کل سے شروع ہونے والی انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کانفرنس سے پاکستان کو مزید فائدہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی عشروں پر محیط ہے اور آنے والے وقت میں سی پیک کے تحت تمام منصوبے قابل عمل اور دونوں ملکوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
چین کے وزیرٹرانسپورٹ لی ژیاپینگ نے پاکستان میں ترقیاتی کاموں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں اپنے محکمے کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور دونوں ممالک کے سینئر افسران بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔