کراچی: 2 اکتوبر 2024، صدریونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل، چیئرمین سندھ ریجن(یو بی جی)خالد تواب،سیکریٹری جنرل(سندھ) حنیف گوہر، سابق سینئرنائب صدرایف پی سی سی آئی سید مظہر علی ناصر،یو بی جی کورکمیٹی کے مرکزی ممبران ملک خدا بخش اور مومن علی ملک نے کراچی کی کاروباری برادری کے ساتھ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانی کا خیرمقدم کیا ہے۔
یو بی جی رہنماؤں نے کہا کہ آرمی چیف کی گفتگونے موجودہ معاشی مشکلات، خاص طور پر آئی پی پی کی جانب سے عائد کردہ بجلی کے زیادہ نرخوں، بینکوں کے سود کی شرحوں اور ناقص انفراسٹرکچر کے حوالے سے کاروباری طبقے کو خاصی حد تک ریلیف پہنچایا۔یو بی جی کے رہنماؤں نے جنرل عاصم منیر کے صنعتی بجلی کے نرخوں کو کم کرنے اور تجارتی و کاروباری علاقوں میں سڑکوں کی مرمت کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے نوٹ کیا کہ کاروباری طبقہ جو پہلے معاشی صورتحال سے مایوس تھا، اب پاکستان کے معاشی استحکام کے امکانات کے حوالے سے پرامید ہے، بشرطیکہ کاروباری طبقے کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔یو بی جی نے آرمی چیف کی جانب سے کاروباری برادری کی معاشی ترقی میں خدمات کے اعتراف کو سراہا۔ انہوں نے سرحد پار سمگلنگ اور غیر قانونی ڈالر کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے جنرل منیر کی کوششوں کی بھی تعریف کی، جس سے پاکستانی روپے کے استحکام اور مہنگائی میں کمی لانے میں مدد ملی۔
مزید برآں یو بی جی نے اقتصادی بہتری اور ترقی میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے رکاوٹیں پیدا نہ کرنے کے حوالے سے جنرل منیر کی سرکاری اداروں کو دی گئی ہدایات کا خیرمقدم کیا۔