جمعرات , جنوری 9 2025
تازہ ترین
Press Release

آل سٹی تاجر اتحاد کے وفد کا کراچی چیمبر دورہ

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد شیخ نے آل سٹی تاجر اتحاد (اے سی ٹی آئی) کے اراکین کی شکایات سننے کے بعد یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ کے سی سی آئی پوری تاجر برادری کا حقیقی نمائندہ ہونے کے ناطے امن و امان اور انفرااسٹرکچر سے متعلق مسائل کو اولین ترجیح پر متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے گا اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ پریشان حال دکانداروں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جاسکے جو کئی چیلنجز کے باوجود کسی نہ کسی طرح اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کے سی سی آئی کے صدر نے اے سی ٹی آئی وفد کے کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اے سی ٹی آئی کے زیادہ تر اراکین بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز اور شہری سہولیات کے فقدان پر فکر مند ہیں۔اس لیے کراچی چیمبر کی لاء اینڈ آرڈر سب کمیٹی یقینی طور پر محکمہ پولیس کے متعلقہ اعلیٰ افسران کے ساتھ امن و امان کا مسئلہ اٹھائے گی نیز سڑکوں کی ابتر حالت کا معاملہ بھی میئر کراچی کے ساتھ جلد از جلد اٹھائیں گے تاکہ انہیں بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایف بی آر سے متعلق مسائل کو بھی مؤثر انداز میں حل کرنے کے لیے بھی لائحہ عمل وضع کیا جائے گا۔اجلاس میں صدر  اے سی ٹی آئی حماد پونا والا، صدر کے سی سی آئی افتخار احمد شیخ، سینئر نائب صدر الطاف اے غفار، نائب صدر تنویر احمد باری، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز مجید میمن، چیئرمین لاء اینڈ آرڈر سب کمیٹی یوسف یعقوب اور کے سی سی آئی منیجنگ کمیٹی کے علاوہ اے سی ٹی آئی کے ممبران نے شرکت کی۔

	صدر کے سی سی آئی نے دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کو مشورہ دیا کہ وہ کراچی چیمبر کے ساتھ منسلک رہیں جو پورا ہفتہ چوبیس گھنٹے بلا کسی امتیاز ان کی خدمت کے لیے دستیاب ہے لہٰذا چھوٹے تاجر آگے بڑھیں اور ذیلی کمیٹیوں کا حصہ بنیں جس سے کے سی سی آئی کو متعدد مسائل سے آگاہ کرنے میں مدد ملے گی اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ فوری طور پر اٹھایا جائے۔بی ایم جی کی پبلک سروس پالیسی کے تحت کراچی چیمبر کے لیے چھوٹے تاجر اور دکاندار اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز کے چیئرمین مجید میمن کوسراہا جن کی سخت محنت کے نتیجے میں کے سی سی آئی کی چھتری تلے چھوٹے تاجروں کو مکمل طور پر متحدہیں۔

	اس موقع پر کے سی سی آئی کی خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز کے چیئرمین مجید میمن نے کہا کہ کراچی چیمبر پوری تاجر برادری کا حقیقی نمائندہ ہونے کے ناطے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کی مکمل حمایت اور تعاون کے لیے ہمہ وقت موجود ہے جو کسی بھی وقت اس چیمبر سے مدد کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔

	اے سی ٹی آئی کے ممبران نے شہر کی تقریباً تمام تجارتی مارکیٹوں کے تاجروں کے دکانداروں کو درپیش متعدد مسائل سے نمٹنے کے لیے کراچی چیمبر سے مدد طلب کی جہاں اسٹریٹ کرائمز اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ ان مارکیٹوں میں سڑکوں کی حالت بھی انتہائی خراب ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایف بی آر حکام چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے لیے بھی بہت زیادہ مسائل پیدا کر رہے ہیں جنہیں ذاتی فائدے کے لیے مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔کراچی چیمبر چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کا حقیقی نمائندہ ہونے کے ناطے پریشان حال دکانداروں کو بچانے کے لیے آگے آئے جو انتہائی مشکل معاشی ماحول میں زندہ رہنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کے سی سی آئی کی متعلقہ ذیلی کمیٹی کو ایف بی آر سے متعلقہ مسائل سے نمٹنے کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

	صدر اے سی ٹی آئی حماد پونا والا نے رینجرز کے شکایت، مانیٹرنگ سیل کے دوبارہ فعال ہونے کو سراہا جو امن و امان کے واقعات باالخصوص بھتہ خوری سے متعلق شکایات کو بلا خوف درج کرانے میں آسانی فراہم کرے گا۔
	صدر شیرشاہ کباڑی مارکیٹ شیخ شاہد نے بتایا کہ نہ صرف شیرشاہ مارکیٹ بلکہ دیگر کئی مارکیٹوں کے دکانداروں کو ایک بار پھر بھتہ خوری کی پرچیاں ملنا شروع ہو گئی ہیں جبکہ چھینا چھپٹی کی وارداتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے لہٰذا ایسی تمام مارکیٹوں میں پولیس اور رینجرز کے گشت کو بڑھایا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ناکے لگائے جائیں۔

About admin

Check Also

Sugar export

شوگر ملوں نے 10 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ملک کی شوگر …

Sugar

سندھ حکومت کا شگر ملز مالکان اور کاشتکار رہنماؤں کے ساتھ اعلی سطحی اجلاس

کراچی: 09 اکتوبر 2024، سندھ حکومت کا شگر ملز مالکان اور کاشتکار رہنماؤں کے ساتھ …

Ex Governor

پاکستان میں سرمایہ کاری کے شعبے میں بڑی پیش رفت

اسلام آباد۔ 8اکتوبر2024 : پاکستان میں سرمایہ کاری کے شعبے میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے …

Cotton

مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کا بھاؤ مستحکم رہا

کراچی: 05 اکتوبر 2024، مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران پھٹی کی رسد …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے