کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی(ایس ایف اے)، حکومتِ سندھ نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی کے تحت چلنے والے دو معروف تحقیقی و تجزیاتی مراکز حلال سرٹیفکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروس (ایچ سی ٹی آر ایس) اور انڈسٹریل اینا لیٹیکل سینٹر (آئی اے سی) کے درمیان معاہدے کی یاد داشتوں پر دستخظ ہوئے ہیں۔ان معاہدوں کا مقصد سندھ فوڈ اتھارٹی آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ان تجزیاتی مراکز کے ساتھ صوبہء سندھ کے مفاد میں مضبوط تعاون کا سلسلہ قائم کرنا ہے۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرفرزانہ شاہین اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا فخر حسین نے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں جمعہ کی شام کومنقعدہ ایک اجلاس کے دوران ان معاہدوں پر دستخط کیے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اسد سید، ڈاکٹر نوید بھٹو، ڈاکٹر سیما، دانش ارشد جبکہ بین الاقوامی مرکز کے پروفیسر ڈاکٹر عابد علی، پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف، پروفیسر ڈاکٹر شبانہ سمجی، پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم، ڈاکٹر عمران ملک، ڈاکٹر اشتیاق احمد، ڈاکٹر شکیل احمد، جاوید ریاض و دیگر آفیشل نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
آغا فخر حسین نے صوبہء سندھ کے مفاد میں اس معاہدے کو ممکن بنانے پر بین الاقوامی جامعہ کراچی کی کوششوں اور اس ادارے کی قومی خدمات اور صنعتوں کو فراہم کی جانے والے تجزیاتی تعاون کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کا یہ ہدف ہے کہ سندھ کے لوگوں کو معیاری اور صحت مند غذا میسر آئے۔ پروفیسرفرزانہ شاہین نے بھی اس موقع پر فوڈ اتھارٹی اور بین الاقوامی مرکز کے آفیشل کو معادہدے کے دستخط پر مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس معاہدے سے تیکنیکی اعتبار سے بین الاقوامی مرکز کے تجزیاتی مراکز کی صلاحیتوں میں مزیداضافہ ہوگا۔
انھوں نے کہا ایچ سی ٹی آر ایس نہ صرف حلال سے متعلق تحقیق معیار کو بلند کرنے کے لیے کام کررہا ہے بلکہ متعدد شعبوں میں حلال سے متعلق اسناد پیش کر رہا ہے۔انڈسٹریل اینا لیٹیکل سینٹر کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا صنعتی تجزیاتی مرکز آئی ایس او(ISO) کے معیار پر تسلیم شدہ ادارہ ہے۔پروفیشینسی ٹیسٹ دراصل آئی ایس او کے متعلقہ معیار کا اہم عنصر ہے جس کے ذریعے سے تجزیاتی عمل کی توثیق کی جاتی ہے، اس تجزیاتی مرکز میں ماہرین مختلف تجربات سے متعلقہ اشیا میں کیمیائی و حیاتیاتی اور مصنوعی اجزا کی موجودگی کی جانچ پڑتال کرتے ہیں۔