اسلام آباد۔ 23 اکتوبر2023:پاکستان میں آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے سب سے بڑے ادارے پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنے ذیلی ادارے، یو مائیکرو فنانس بینک (یو بینک) کی مالی صحت اور استحکام کے حوالے سےتمام بے بنیاد دعوؤں اور افواہوں کی تردید کی ہے۔ یوبینک پاکستان کا تیزی سے بڑھتا ہوا مائیکرو فنانس ادارہ اور بینکاری کی صنعت میں کلیدی اداروں میں سے ایک ہے، جو اس کے مضبوط و مستحکم مالیاتی ڈھانچے اور سرمایے کی عکاسی کرتا ہے۔
پی ٹی سی ایل گروپ اس بات کو یقینی بنائے ہوئے ہے کہ یو بینک کی انتظامیہ سے لے کر نچلی سطح تک کے تمام ملازمین ترقی ، جدت طرازی اور پاکستانی معاشرے کے تمام طبقوں کی مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے کے بینک کے بنیادی مشن پر کاربند رہیں۔ بینک کی پائیدار ترقی کی حکمت عملی کے نتیجے میں یوبینک کا مجموعی قرض پورٹ فولیو انڈسٹری میں سب سے زیادہ ہے۔ اس پورٹ فولیو کے تقریبا 54 فیصد حصے کی بنیاد سونے پر رکھی گئی ہے، جو بینک کے قرضوں کے مقابلے میں اس کی مالیاتی لچک کو ظاہر کرتا ہے۔ یو بینک کے متنوع پورٹ فولیو میں شمسی توانائی فنانسنگ ، زراعت بشمول ٹریکٹر فنانسنگ ، ہاؤسنگ ، اور وہیکل فنانسنگ وغیرہ بھی شامل ہیں۔
یو بینک کو پی ٹی سی ایل گروپ کی مضبوط اور مثبت حمایت حاصل ہے۔ بینک کے پاس پی ٹی سی ایل سے 4 ارب روپے کا ادا شدہ سرمایہ، ٹیئر ون کیپیٹل کے طور پر ایک ارب روپے اور ٹیئر ٹو کیپیٹل کے طور پر 1.2 ارب روپے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ بینک نے مارکیٹ سے ایک ارب روپے کا اضافی ٹیئر ون سرمایہ بھی اکٹھا کیا ہے۔ بینک کی فنڈنگ بیس مسلسل کیش فلو، ڈپازٹس، قرضوں اور سرمایے کی آمد کے ساتھ باقاعدگی سے بڑھ رہی ہے۔
پی ٹی سی ایل اور یوفون کے صدر و گروپ سی ای او اور یو مائیکرو فنانس بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین، حاتم بامطرف نے اس متعلق کہا ، ’’یو بینک کو ہمیشہ پی ٹی سی ایل گروپ کی مضبوط حمایت حاصل رہی ہے۔ بینک نے متاثر کن مالی کارکردگی اور مثبت نمو کا مظاہرہ کیا ہے، لہذا میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ پی ٹی سی ایل گروپ مضبوطی سے بینک کے ساتھ کھڑا ہے اور سرمایہ کاروں، صارفین اور شیئر ہولڈرز کو اپنی مسلسل حمایت کی یقین دہانی کراتا ہے۔ فی الحال، ہمارا خیال ہے کہ بینک کو کسی ایکویٹی انجکشن کی ضرورت نہیں ہے، لیکن مستقبل میں بینک کی ترقی کے پیش نظر اس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔‘‘
مضبوط کپیٹل بیس، آمدنی کے متنوع ذرائع اور پورٹ فولیو کے ساتھ ساتھ غیر معمولی ترقی کے پیش نظر ، یو بینک کو پی اے سی آر اے کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی اور وی آئی ایس کریڈٹ ریٹنگ کمپنی کی طرف سے اے پلس کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ دی گئی ہے جو اس پر اعتماد اور بھروسے کی مظہر ہے۔ پاکستان میں دونوں ریٹنگ ایجنسیوں نے بینک کے پائیدار کاروباری تزویراتی اقدامات کو تسلیم کرتے ہوئے یو بینک کی مجموعی صورت حال کو ’مستحکم ‘ قرار دیا ہے۔
یو مائیکرو فنانس بینک کے موجودہ صدر اور سی ای او محمد عیسیٰ الطاہری اس سے قبل بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کی حیثیت سے یو بینک سے وابستہ تھے اور اس سے قبل ای اینڈ گروپ کے ساتھ گروپ ای وی پی فنانشل پالیسیز اینڈ سسٹمز کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ موجودہ صورتحال کے حوالے سے سی ای او، محمد عیسی ٰ الطاہری نے کہا، ’’ہم یو پیسہ اور یو مائیکرو فنانس بینک کے کیپٹل بیس کے بارے میں مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی حالیہ افواہوں کی مکمل تردید کرتے ہیں ۔ یہ دعوے مکمل طور پر جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ یو بینک کے پاس ایک مضبوط اور پرعزم مینجمنٹ ٹیم موجود ہے اور اسے اپنے سرمایہ کاروں، شراکت داروں، اسٹیک ہولڈرز اور صارفین کی مکمل حمایت حاصل ہے کیونکہ بینک ترقی اور بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔‘‘
پی ٹی سی ایل کے 62 فیصد حصص حکومت پاکستان جبکہ 26فیصد ای اینڈ (سابقہ اتصالات) کی ملکیت ہیں، اور اس کے ذیلی ادارے، یو مائیکروفنانس بینک کا قیام ایک جدید مائیکرو فنانس ادارے کے طور پر 2012 میں عمل میں آیا تھا اور اس کے بعد سے بینک نے مستقل اور غیر متزلزل ترقی کی ہے ۔ بینک نے گزشتہ برسوں کے دوران اپنے منافع میں مسلسل اضافہ کیا ہے ، جبکہ پاکستان کے متعدد شہری اور دیہی علاقوں میں اپنے نیٹ ورک میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ یوبینک اور اس کی 350 سے زائد شاخوں کا وسیع نیٹ ورک اپنے صارفین کو معیاری مالیاتی مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے دیرینہ عزم کے تحت بینکاری خدمات سے محروم لوگوں کو بھی سہولیات کے دائرے میں لانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ ختم شد۔