کراچی: ملک بھر کے ریٹیلرز پر ٹیکس لگانے کیلئے اسکیم تیار کرلی گئی، ٹیکس عائد کیے جانے سے تقریبا 300ارب سے زائد آمدن متوقع ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، کراچی،لاہور،پشاور اور کوئٹہ میں ریٹیلرز پر ٹیکس لگانے کی تیاری مکمل کرلی گئی۔ذرائع ایف بی آر نے بتایا کہ 5بڑے شہروں میں ریٹیلرز پر ٹیکس لگانے سے 100 ارب روپے آمدن متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے 35 لاکھ ریٹیلرز پر ایف بی آر نے ٹیکس لگانے کیلئے اسکیم تیار کی ہے، پہلے مرحلیمیں اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کے ریٹیلرز پر ٹیکس لگے گا۔ملک بھر کے ریٹیلرز پر ٹیکس عائد کیے جانے سے تقریبا 300ارب سے زائد آمدن متوقع ہے، دکان کے سائز اور سالانہ آمدن پر ٹیکس عائد کیا جائے گا، جو ماہانہ کی بنیاد پر اکٹھا ہوگا۔ایف بی آر کے مطابق اسکیم مکمل طور پر تیار ہے، حکومت کی جانب گرین سگنل ملنے پر لانچ کر دی جائے گی، ریٹیلرز کی سالانہ آمدن پر تقریبا 10 فیصد سیزائد تک ایڈوانس ٹیکس عائدکیا جائے گا۔اسکیم کے تحت تمام شعبوں سے منسلک کاروباروں اور افراد پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔