اسلام آباد 6 اکتوبر 2023: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پریمیئر سیلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے جنرل منیجر محمد مہتاب حسین کو خاص طور پر کرونا کے دوران فارمیسیوں میں ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے اور ڈسٹری بیوشن کے شعبے میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں بیسٹ ڈسٹری بیوٹر ایوارڈ سے نوازا۔
اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے محمد مہتاب حسین کو ایوارڈ پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے محمد مہتاب حسین کو ڈسٹری بیوشن کے شعبے میں ان کی بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کیا کیونکہ انہوں نے خاص طور پر کروناوائرس کے دوران جب ڈسٹری بیوٹرز اور فارمیسیوں کو ادویات کی سپلائی کے مسائل کا سامنا تھا، اپنے ڈسٹری بیوشن نیٹورک کے ذریعے مریضوں کیلئے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پریمیئر سیلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے ڈسٹری بیوشن کے شعبے میں جدید بزنس پریکٹسز کو فروغ دیا ہے جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے ڈر گ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان پر زور دیا کہ تمام فارمیسیوں پر ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈسٹری بیورٹرز کو کم از کم 3 ماہ کا اسٹاک اپنے پاس رکھنے کی ہدایات جاری کی جائیں تا کہ مریضوں کو ادویات کی قلت کے مسائل سے بچایا جا سکے۔
محمد مہتاب حسین، جنرل منیجر، پریمیئر سیلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے بیسٹ ڈسٹری بیوٹر کا ایوارڈ دینے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ایوارڈ ان کیلئے اور ان کے ادارے کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کے کاروبار میں سپیڈ اور رسپانس لیول بہت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیمار انسانیت کی خدمت کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ اس مشن پر کاربند رہیں گے
۔سردار شبیر احمد، سینئرڈرگ انسپکٹر، اسلام آباد نے محمد مہتاب حسین اور پریمیئر سیلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو بیسٹ ڈسٹری بیوٹر کا ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی، جو کہ ان کی پیشہ ورانہ خدمات کا بہترین اعتراف ہے۔ انہوں نے فارما ڈسٹری بیوٹر ز پر زور دیا کہ وہ اپنے نیٹ ورک کو دور دراز علاقوں تک وسعت دینے کی کوشش کریں تاکہ ہر علاقے میں مریضوں کو ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
ظفر بختاوری، چیئرمین، ڈی واٹسن گروپ اور سیکریٹری جنرل یو بی جی پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ محمد مہتاب حسین دیگر ڈیسٹری بیوٹرز کے لیے ایک رول ماڈل ہیں کیونکہ وہ مریضوں کے لیے ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر فارمیسی پر جاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارمیسی کا کاروبار بیمار انسانیت کی عظیم خدمت ہے اور اس بات پر زور دیا کہ مریض کو گاہک نہیں بلکہ مریض سمجھا جائے۔رفیق جاکوانی، چیف ایگزیکٹو، پریمیئر سیلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے کہا کہ آئی سی سی آئی بیسٹ ڈسٹری بیوشن ایوارڈ ان کے ادارے کی پوری ٹیم کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پہلا چیمبر ہے جس نے بیسٹ ڈسٹری بیوٹر زکی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی اس عمدہ روایت کو آئندہ بھی جاری رکھے گا جس سے مسابقت کو فروغ ملے گا اور پوری صنعت میں بہتری آئے گی۔کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل قیصر مسعود نے بھی بیسٹ ڈسٹری بیوٹر کی خدمات کو تسلیم کرنے پر آئی سی سی آئی کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس سے دوسروں کو بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب ملے گی۔
صدر کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن اسلام آباد طارق سعید، پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب ڈین پرسٹن یونیورسٹی اور ڈائریکٹر چوہدری وقار احمداور جنرل منیجر ڈرگ سروسز عطا محمد سمیت دیگر معززین اور فارما بزنس سے تعلق رکھنے والوں کی کثر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔