کراچی، 13 اکتوبر، 2023: کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے اپنے آپریشنز کو جدید بنانے کے لیے ایس اے پی فنانشل، ایس اے پی ایچ سی ایم اور پے رول ماڈیول کا نفاذ کردیا ہے۔ ایس اے پی اپلی کیشنز کے نفاذ سے کے ایم سی کے 12 ہزار ملازمین اور 22 ہزار پنشنرز کو جدید نظام سے منسلک کردیا گیا ہے، جس سے ملازمین اور پنشنرز کے معاملات کو چلانے میں آسانی ہوگی۔
ان ایپلی کیشنز سے ملازمین کا مکمل ڈیٹا بیس تیار کیا جاسکے گا، جو کے ایم سی کو ملازمین کے مکمل معلومات فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ نئے ملازمین کا ریکارڈ، ٹرانسفر اور تعیناتی سمیت ملازمین اور ادارے کے حوالے سے تمام معلومات تک ہر وقت رسائی ہوگی۔ مزید یہ کہ ملازمین کے مالی معاملات جیسا کہ تنخواہوں کی ادائیگی، کٹوتی، پنشن وغیرہ سے متعلق تمام تر معلومات ایس اے پی ایپلی کشنز کے ذریعے کے ایم سی کو حاصل ہوگی۔ اس سافٹ وئیر سے گھوسٹ ملازمین اور گھوسٹ پنشنرز کو تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی بھی روکی جاسکے گی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈیجیٹلائزیشن کے اس عمل کو بہتر کارکردگی کی جانب بڑا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سنگ میل افرادی قوت کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کے ہمارے عزم کے عکاسی کرتا ہے۔ ایس اے پی اپیلی کشنز کا نفاذ نا صرف کے ایم سی کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنائے گا بلکہ اس سے کراچی کے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی بھی ممکن ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ کے ایم سی پاکستان کا واحد مقامی حکومتی ادارہ ہے جس نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز کے معاملات کو ایس اے پی سسٹم پر منتقل کیا گیا ہے۔ ان ایپلی کشنز کی مدد سے ملازمین کے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
ایس اے پی پاکستان، عراق اور افغانستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ثاقب احمد نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ڈیجیٹل منتقلی کے حوالے سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ کے ایم سی کے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب بڑھتے ہوئے قدم میں ہم اُس کے شراکت دار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ اقدام عوامی خدمات کو ٹیکنالوجی کی مدد سے بہتر طریقے سے انجام دینے میں مددگار ہوگا۔
اس منصوبے پر عملدرآمد وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور ان کی ٹیموں کی محنت کا نتیجہ ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی حکومت ایس اے پی سلوشنز اور ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنی تکنیکی صلاحیتوں کی بہتر بنا رہی ہے۔
کے ایم سی کی جانب سے فنانس اینڈ ایچ ایم سی پے رول کا نفاذ کیا گیا ہے جبکہ بجٹ کے معاملات کو مزید بہتر بنانے کے لیے دو مزید سلوشنز کے نفاذ پر بات چیت جاری ہے۔
کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن پاکستان کے عوامی انتظامی اداروں میں پہلا ادارہ ہے جس نے اس جدید سلوشن کا انتخاب کیا ہے۔ اس اقدام سے کے ایم سی کے ملازمین کی مینجمنٹ کے معاملات میں واضح بہتری آئے گی۔ یہ اقدام پاکستان کے عوامی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد پاکستان کے شہریوں کو بہتر اور مؤثر خدمات کی فراہمی ہے۔