اسلام آباد، 18 دسمبر 2024: وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی ہدایت پر ملک بھر کے سپیشل اکنامک زونز کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے جس میں فضائی جائزے اور ڈرون کوریج شامل ہے۔ اس سروے کا مقصد ان خصوصی زونز میں موجود وسائل اور مسائل کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ان سپیشل اکنامک زونز میں 150 اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں اور "گرین پاکستان انویسٹمنٹ” کے تحت ماحول دوست اقدامات پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے صنعتی زون کو پورٹ قاسم سے منسلک کرنے اور چین سے صنعتوں کی منتقلی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عبدالعلیم خان نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ہدایت دی کہ ان زونز میں ون ونڈو آپریشن سمیت تمام سہولتیں اور سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور وزیر اعظم پاکستان کے لیے پریزنٹیشن تیار کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطہ بڑھایا جائے گا اور ان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو "پرائیڈ آف پاکستان” کے نام سے ایک گروپ بنا کر ان کی عزت افزائی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے اس کام کو ایک ہفتے کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
اجلاس میں "آسان کاروبار ایکٹ 2024” اور بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کی تعمیر جیسے اہم اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔