کراچی 10 اکتوبر 2023: بیرون ممالک سے ترسیلات زر میں اگست 2023 کے مقابلے ستمبر 2023 میں5 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) مطابق اگست 2023 میں 2.094 ارب ڈالر کے مقابلے ستمبر 2023 میں پاکستان کو کارکنوں کی ترسیلات زر 2.206 ارب ڈالر موصول ہوئیں، جو 5.3 فیصد یا 112 ملین ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
ستمبر 2023 کے دوران ترسیلات زر کی آمد بنیادی طور پر سعودی عرب سے 538.2 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 400 ملین ڈالر، برطانیہ سے 311.1 ملین ڈالر اور ریاستہائے متحدہ امریکہ سے 263.4 ملین ڈالر تھی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے غیر قانونی کرنسی ڈیلروں کے خلاف سخت کارروائی کے بعدانٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ حوالہ ہنڈی ڈیلرز کے خلاف کرنسی کے خلاف کریک ڈاؤن نے بھی ستمبر میں ترسیلات زر میں 5 فیصد اضافہ کرنے میں مدد کی۔
تاہم اس مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران گھریلو ترسیلات کی آمد میں 20 فیصد یا 1.57ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ رواں مالی سال جولائی تا ستمبر کے دوران 6.33 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 7.90 ارب ڈالر تھیں۔