کراچی: فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) اور ٹوٹل پارکو نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت ٹوٹل پارکو کے وسیع نیٹ ورک میں کیش لیس لین دین کو فروغ دیا جائے گا۔اس معاہدے کے تحت فیصل بینک کا جدید ترین پوائنٹ آف سیل کارڈ ایکسیپشن سلوشن ٹوٹل پارکو کے صارفین کوکارڈ کے ساتھ ساتھ این ایف سی (این ایف سی) سلوشنز کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کرے گا۔
فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہا ٹوٹل پارکو کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ ٹوٹل پارکو کے ساتھ یہ معاہدہ فیصل بینک کے شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا، جو ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگی کو فروغ دینے کے ہمارے وژن کا ثبوت ہے۔
ٹوٹل پارکو کے سی ای او آصف اقبال نے کہا ٹوٹل پارکو کو اپنے صارفین کی ضروریات اور ان کی ترجیحات میں بدلتے ہوئے رجحانات کا علم ہے۔ فیصل بینک کے ساتھ یہ شراکت داری مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہمارے عزم کے عین مطابق ہے۔