کراچی : 25 ستمبر 2023: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے قوانین کی خلاف ورزی پر مزید دو ایکس چینج کمپنیوں کے لائسنس معطل کر دئیے ہیں۔
اسٹیٹ بینک فارن ایکسچینج کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل نہ صرف ایکسچینج کمپنیوں کی کڑی نگرانی کر رہا ہے بلکہ ان کے خلاف ضابطہ کی خلاف ورزی پر کاروائی بھی کی جار ہی ہے۔
پیر کو بھی اسٹیٹ بینک نے دو ایکسچینج کمپنیوں کو کام کرنے کا اجازت نامہ معطل کردیا۔
اسٹیٹ بینک نے میسرز الصحارا ایکسچینج کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اجازت نامے کو اسٹیٹ بینک کے قواعد و ضوابط اور ہدایات کی سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے فوری طور پر تین (03) مہینے کے لیے معطل کر دیا ہے۔
مذکورہ ایکس چینج کمپنی، اس کے صدر دفتر، برانچوں، اور فرنچائزز کو معطلی کی مدت کے دوران کسی بھی قسم کی کاروباری سرگرمی انجام دینے سے روک دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے’زمرہ ب ‘کی ایکس چینج کمپنی کا اجازت نامہ معطل کردیا۔
اسٹیٹ بینک نے ’زمرہ ب ‘کی ایکس چینج کمپنی میسرز پریمیئر ایکسچینج کمپنی- بی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اجازت نامے کو اسٹیٹ بینک کے قواعد و ضوابط اور ہدایات کی سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے فوری طور پر تاحکم ثانی معطل کر دیا ہے۔
زمرہ ب کی ایکس چینج کمپنی، اس کے صدر دفتراور تمام برانچوں کو معطلی کی مدت کے دوران کسی بھی قسم کی کاروباری سرگرمی انجام دینے سے روک دیا گیا ہے۔