کراچی : پاکستان کے بیرونی خسارے میں زبردست کمی ہوئی ہے ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سال بہ سال اکتوبر میں 91 فیصد کم ہو کر صرف 74 ملین ڈالر رہ گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 849 ملین ڈالر تھا۔
ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر، اکتوبر 2023 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ستمبر میں ریکارڈ کیے گئے 46 ملین کے خسارے کے مقابلے میں 28 ملین بڑھ گیا۔
اکتوبر 2023 میں ماہ بہ ماہ اضافہ 61 فیصد رہا جبکہ سال بہ سال کی بنیاد پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 91 فیصد کم ہے۔
اکتوبر 2023 میں ملک کی کل برآمدات 3.4 بلین ڈالر رہیں جو کہ 18 فیصد سالانہ اور 10.5 فیصد ماہانہ بنیاد پر زیادہ ہیں۔
دوسری جانب، درآمدات 5.2 بلین ڈالر رہیں، جو ماہ بہ ماہ 8 فیصد اور سال بہ سال 3.4 فیصد زیادہ ہیں۔
اکتوبر 2023 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھیجے گئے ورکرز کی ترسیلات زر 2.46 بلین ڈالر رہی جو کہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 11.5 فیصد اور مالی سال 23 کے اسی مہینے کے مقابلے میں 9.5 فیصد زیادہ ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں جاری کھاتوں کا خسارہ 1.059 بلین ڈالر رہا جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 3.1 بلین ڈالر کے خسارے کے مقابلے میں 66 فیصد کم ہے۔