کراچی: کوآپریٹو مارکیٹ میں پارکنگ کا تنازع، کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار احمد شیخ اور اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے سی سی آئی کے چیئرمین عبدالمجید میمن کامارکیٹ کا دورہ، تاجر برادری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی، دکانداروں نے دونوں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق کو آپریٹو مارکیٹ کی پارکنگ کوپارکنگ کمپنی کے حوالے کرنے کے خلاف کاروباری ممبران کے احتجاج کے بعد گزشتہ روز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار احمد شیخ اور اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید میمن نے کو آپریٹو مارکیٹ صدر کا دور کیا اور کو آپریٹو مارکیٹ کے صدر وقار غوری اور جنرل سیکریٹری محمد اسلم خان اور دیگر ممبران و تاجروں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر تاجر رہنماء طلعت محمود،محمود حامد اور دیگر تاجر رہنماء موجود تھے۔ملاقات کے موقع پر کراچی چیمبر کے صدر افتخار شیخ نے کہا کہ دکاندار پرامن رہیں اور صرف قانونی راستے اختیار کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے معاملے پر کراچی چیمبر کو آپریٹو مارکیٹ کے تاجروں کے ساتھ ہے،تاجر اپنے مسئلے کا حل جو قانونی طریقے ہے اسی قانونی طریقے سے ہی نکالیں۔اس موقع پر اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید میمن نے کہا کہ پارکنگ دکانداروں کا حق ہے، حکومت کے چند لوگوں نے ایسی پالیسی اختیار کررکھی ہے کہ کراچی میں کاروبار کسی طرح سے بند ہوجائے۔ عبدالمجید میمن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہمیں سہولت دینے اور آنسو پونچنے کے بجائے بیورو کریٹ اسے اقدامات کررہے ہیں جس سے ہماری پریشانی میں مزید اضافہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ کو آپریٹو مارکیٹ میں ایک ہزار سے زاید دکاندار ہیں جو اپنے بچوں کے لیے روٹی کمانے صبح آتے ہیں اور رات کو جاتے ہیں جب پارکنگ ان ممبران کی ہے تو سندھ حکومت کیوں اسے اپنے پاس لینا چاہتی ہے۔اس موقع پر کو آپریٹو مارکیٹ کے صدرقار غوری اور سیکریٹری اسلم خان نے کہا کہ ہم صدر کراچی چیمبر افتخار شیخ اور اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئرین عبدالجید میمن کا شکریہ اد کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے موقف کی حمایت کرتے ہوئے ہمارے مقصد کو آگے بڑھایا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر نے اس سے قبل جب 14 نومبر2021ء میں آتشزدگی سے پوری مارکیٹ جل گئی تھی تو اس وقت بھی ہمارے ساتھ کھڑا رہا اور متاثرین کو معاضہ دلایا اور ہمیشہ کی طرح آج بھی ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کاروباری لوگ ہیں اور کسی قسم کی لسانیت کی بات نہیں کرتے ہیں ہمارا مقصد صرف کاروبار ی لوگوں کے مفاد کادفاع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک صلاح الدین ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں د ے رہا ہے جس کی درخواست ایڈیشنل آئی جی کو دی گئی ہے، ہم کاروباری افراد کو پرامن رہنے کی تلقین کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کاروباری لوگوں کا مسئلہ حل کیا جائے۔