کراچی: بینک الفلاح کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یکم فروری، 2024کو اپنے اجلاس میں 31 دسمبر، 2023 کو ختم ہونے والے سال کیلئے بینک کے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا۔بینک الفلاح نے سال 2023 کے دوران غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بینک نے 1000 برانچوں اور ڈیپازٹس میں 2 کھرب روپے کا سنگ میل عبور کیا اور ڈیپازٹ بیس، مجموعی اثاثوں اور برانچ نیٹ ورک کے تناظر میں انڈسٹری کی اپنی درجہ بندی کو بہتربنایا۔بینک کا گزشتہ سال کے 18.206 بلین روپے کے بعدازٹیکس منافع کے مقابلے میں مذکورہ مدت میں منافع 36.456 بلین روپے رہا جو 100 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔
بینک کی فی حصص آمدن 23.12(2022:10.27) روپے رہی جو بینک کی حکمت عملی کے مطابق ترقی کی رفتار کا عکاس ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 5 روپے فی حصص (50فیصد) کے حتمی نقد منافع منقسمہ کا اعلان کیا جو 3 روپے فی حصص (30 فیصد) کے عبوری نقد منافع منقسمہ کے علاوہ ہے۔31 دسمبر، 2023 کو بینک کے ڈیپازٹس 2.085 کھرب روپے رہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 40.2 فیصد زیادہ ہے۔ یہ کارکردگی ڈیپازٹ بیس کو بہتر بنانے اور مارکیٹ کی طلب کو پورا کرنے کیلئے متنوع مصنوعات کی پیش کش پر بینک کی توجہ کی واضح عکاس ہے۔بینک نے777.287 بلین روپے کے ایڈوانسز کی مدد میں حاصل کئے جبکہ مارکیٹ کے مشکل حالات کے درمیان مضبوط کریڈٹ ڈسپلن کو برقرار رکھا اور 112.2فیصد کی کوریج کے ساتھ نان پرفارمنگ لونز کے جھٹکوں کو جذب کرنے کیلئے کافی پرووژنزموجود ہیں۔
بینک نے مستحکم کیپٹل مینجمنٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 دسمبر، 2023 تک سی اے آر کو 16.74 فیصد پر برقراررکھا جو کہ ریگولیٹری تقاضوں سے زیادہ ہے۔بینک الفلاح کا اولین مقصد اپنے قابل قدر صارفین کو مثالی خدمات کی فراہمی، مارکیٹ شیئر میں اضافہ اور برانچوں میں اضافہ شامل ہے۔ بینک کاروبار کے تیزی سے بدلتے ہوئے حالات میں اپنی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا سفر تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے، بینک نے 2023 میں پاکستان کی پہلی ”ڈیجیٹل لائف“ برانچ کا افتتاح کیاجو معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کرنے اور پائیدار کے فروغ کیلئے بینک کے عزم کے مطابق ہے۔بینک نے متعدد ایوارڈز اپنے نام کئے جن میں پی بی اے کی طرف سے ”بیسٹ ڈیجیٹل بینکنگ“ اور پی ایس ایکس کی طرف سے ”ٹاپ 25 کمپنیز“ ایوارڈز شامل ہیں جو بینک کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔