لاہور 6 اکتوبر، 2023: پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے جمعہ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملاقات کی۔
ذکا اشرف نے ٹیم کو انٹرنیشنل بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن ورلڈ گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارک باد دی اور ٹیم کی شاندار کارکردگی پر ہر کھلاڑی اور آفیشل کو تین تین لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔
یاد رہے کہ یہ گیمز برمنگھم میں منعقد ہوئے تھے جس میں پاکستان بلائنڈ ٹیم اپنی بھرپور مہارت دکھاتے ہوئے دو مرتبہ انڈیا کو شکست دیتے ہوئے چیمپئن بنی تھی۔ یہ مقابلے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی بنیاد پر ہوئے تھے جس میں پاکستانی بلائنڈ ٹیم انگلینڈ۔ انڈیا۔ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کو شکست دیتے ہوئے ناقابل شکست رہی تھی۔اس نے فیصلہ کن میچ میں انڈیا کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا تھا۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ وہ بلائنڈ ٹیم کو اس شاندار کارکردگی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی یہ شاندار کامیابیاں یہ ثابت کرتی ہیں کہ ہمارے کھلاڑی ہر چیلنج کا مقابلہ کرکے بہترین کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بلائنڈ کرکٹ کی سپورٹ جاری رکھیں گا۔