اسلام آباد:پاکستان میں ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے سب سے بڑے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ نےمحمد عیسیٰ الطاہری کو یو مائیکرو فنانس بینک کا نیا قائم مقام صدر و سی ای او مقرر کردیا ہے ۔
یہ فیصلہ گروپ کی جانب سے بینک کے سابق صدر و سی ای او،کبیر نقوی کا استعفیٰ منظور کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے ٹی سی ایل اور یوفون کے صدر اور گروپ سی ای او، حاتم بامطرف نئے سی ای او کو خوش آمدید جبکہ سبکدوش ہونے والے سی ای او کو الوداع کہا اور برسوں کی خدمات پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ یو مائیکرو فنانس بینک کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کی حیثیت سے حاتم بامطرف نے بینک کی ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے لئے نئے سی ای او کو مسلسل تعاون فراہم کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں، ، یو مائیکروفنانس بینک پی ٹی سی ایل گروپ کی سرمایہ کاری کا حامل ادارہ ہے ،جسے گروپ کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت حاصل ہے اور بینک بھی تسلسل سے شاندار مالیاتی ترقی اور
کارکردگی کا مظاہر ہ کرتا رہا ہے۔
نئے سی ای او ایک طویل عرصے سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کی حیثیت سے یو مائیکرو فنانس بینک کے ساتھ وابستہ ہیں۔ وہ ای اینڈ گروپ میں مالیاتی پالیسیوں اور نظامات کے گروپ ایگزیکٹیو نائب صدر کی حیثیت سے بھی قابلِ قدر تجربے کے حامل ہیں۔
انہوں نے یونیورسٹی آف وولونگونگ، دبئی سے انٹرنیشنل بزنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ ایچ ایس بی سی بینک، دبئی کمرشل بینک اور دبئی حکومت کے ترقیاتی بورڈ میں مختلف عہدوں سمیت 20 سال
سے زائد کا پیشہ ورانہ تجربہ رکھتے ہیں۔ پی ٹی سی ایل گروپ کو یقین ہے کہ عیسیٰ الطاہری بینک کی ترقی کے تسلسل میں اہم کردار ادا کریں گے اور قابل ذکر اور پائیدار ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت طرازی کے عمل کو جاری رکھیں گے۔
گروپ نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔۔