کراچی:دنیا کی سب سے بڑی بین الاقوامی ایئر لائن ایمریٹس نے پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں اپنے آپریشنز کے 10 سال کی تکمیل کا فخریہ طور پر اعلان کیا ہے۔ رواں ماہ ایمریٹس سیالکوٹ میں سفری اور کارگو خدمات کی فراہمی کی 10 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ایمریٹس نے اس فعال خطے میں ایک اہم ادارے کے طور پر خود کو مضبوطی سے مستحکم بنایا ہے، جو بے مثال لگن اور عزم کے ساتھ سفر اور سامان کی نقل و حرکت میں تعاون فراہم کرتا ہے۔
دس سال سے ایمریٹس ایئرلائن اپنے دبئی مرکز کے ذریعے براہ راست خدمات اور ہموار رابطے کے ذریعے صنعتی شہر سیالکوٹ کو دنیا سے جوڑ رہی ہے۔ نومبر 2013 میں سیالکوٹ کے لئے افتتاحی پرواز کے ساتھ، یہ شہر ایمریٹس کے نیٹ ورک میں پانچواں پاکستانی مقام بن گیا۔
ایمریٹس کے سیالکوٹ پر گہرے اثرات ہیں، جو گجرات، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ پر مشتمل پاکستان کی برآمدی تکون کے لئے ایک متبادل گیٹ وے فراہم کرتا ہے۔ سیالکوٹ کھیلوں کے سامان، کپڑوں اور چمڑے کے ملبوسات کی تیاری میں اپنی مینوفیکچرنگ کی مہارت کے لئے مشہور ہے اور وہ ایمریٹس کی کارگو خدمات سے نمایاں طور پر مستفید ہوا ہے۔ ایمریٹس اسکائی کارگو نے 1400 ٹن سے زائد درآمدات کے علاوہ 41 ہزار ٹن سے زائد اجناس برآمد کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایمریٹس کی سیالکوٹ کے لئے ہفتہ وار سات پروازیں آپریٹ ہوتی ہیں جن کی بدولت ایمریٹس شہر کے ایوی ایشن منظرنامے کا ایک لازمی حصہ بن گیا ہے۔ ایئرلائن گزشتہ دس سالوں کے دوران سیالکوٹ سے آمد و رفت کے حوالے سے 1.5 ملین سے زائد مسافروں کو منزل مقصود پر پہنچا چکا ہے۔ اسی عرصے میں ایمریٹس نے سیالکوٹ سے 5500 سے زائد پروازیں آپریٹ کیں۔
ایئرلائن سیالکوٹ کے لئے سب سے زیادہ مقبول مقامات بشمول دبئی، بارسلونا، پیرس، لندن، جدہ، جوہانس برگ اور برطانیہ اور یورپ کے دیگر خطوں کیلئے وسیع اور بہترین خدمات فراہم کرتی ہے۔ ایمریٹس وسیع اقسام کے مسافروں کی ضرورت پوری کرتا ہے جن میں تفریح سے لے کر کاروباری اور کارپوریٹ مسافروں، نمائشوں اور کاروباری مصروفیات میں حصہ لینے والوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک اپنی اعلی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء شامل ہیں۔
سیالکوٹ میں آپریشنز کی دسویں سالگرہ کے موقع پر ایمریٹس کے نائب صدر برائے پاکستان محمد الہاشمی نے کہا ”سیالکوٹ ہمارے نیٹ ورک کا ایک اہم مقام ہے اور ہمیں اپنی بے مثال خدمات پیش کرکے مسافروں اور مینوفیکچررز کو اپنے عالمی نیٹ ورک سے جوڑنے پر خوشی ہے۔ گزشتہ دس سالوں کے دوران ہم پاکستان میں مضبوط سے مضبوط تر ہوئے ہیں اور تفریح، کاروباری اور کارپوریٹ، طلباء سمیت وسیع اقسام کے مسافروں کیلئے خود کو ایک قابل اعتماد ایئر لائن کے طور پر مستحکم بنایا ہے۔ ہم اپنے تمام شراکت داروں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے سالوں سے ہمارے کامیاب آپریشنز میں اپنی خدمات پیش کیں۔”
محمد الہاشمی نے مزید کہا، ”ایمریٹس کو سیالکوٹ کے ساتھ گزشتہ ایک دہائی پر مبنی شراکت داری پر فخر ہے اور ہم مزید کئی سالوں کی کامیاب شراکت داری، ترقی اور رابطوں کے خواہاں ہیں۔ یہ سنگ میل شہر، اس کے لوگوں اور اس کی فعال صنعتوں کے ساتھ وابستگی کی ایک دہائی کی علامت ہے۔”
ایمریٹس اور پاکستان کے درمیان خصوصی تعلقات قائم ہیں جو تقریبا 38 سالوں پر محیط ہیں۔ اس کا آغاز 25 اکتوبر 1985 کو دبئی سے اس کی پہلی پرواز کراچی پہنچنے پر ہوا۔ اس کے بعد سے یہ تاریخی شراکت داری پھل پھول رہی ہے اور ایمریٹس اس وقت پاکستان کے پانچ شہروں بشمول کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور سیالکوٹ کے لیے ہفتہ وار 50 سے زائد پروازیں آپریٹ کررہی ہے۔
مزید معلومات کے لئے برائے کرم ایمریٹس کی ویب سائٹ وزٹ کریں۔ سفری ٹکٹس ایمریٹس ڈاٹ کام، ایمریٹس سیلز آفس، ٹریول ایجنٹس یا آن لائن ٹریول ایجنٹس سے حاصل کئے جاسکتے ہیں