کویت: پاکستان نے مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کویت کے ساتھ سات معاہدوں اور مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
ان معاہدوں پر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور کویت کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح کے درمیان بات چیت کے بعدکویت سٹی میں بدھ کو دستخط کیے گئے۔
قائدین نے سات معاہدوں پر دستخط کیے جن میں ریاست کویت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول فوڈ سیکیورٹی/زراعت، ہائیڈل پاور، واٹر سپلائیز (پینے کے لیے محفوظ پانی اور کان کنی کی سرگرمیوں میں معاونت) سمیت کان کنی، معدنی صنعت، ٹیکنالوجی زونز کی ترقی اور مینگروو کے تحفظ کے لیے مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے معاہدے شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ثقافت اور آرٹ، ماحولیات اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم نے کویت کے ساتھ معاہدوں کو ان کامیابیوں میں ایک اور سنگ میل قرار دیا جو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کا پلیٹ فارم ملک کے لیے لا رہا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے تعلقات کی رفتار پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا، قریبی رابطے میں رہنے اور پاکستان اور کویت تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے تیز رفتار اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرکے مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے کویت کے ساتھ ان معاہدوں کو ان کامیابیوں میں ایک اور سنگ میل قرار دیا جو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے پلیٹ فارم سے ملک کے لیے سامنے آرہی ہیں۔
وزیر اعظم نے کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔