اسلام آباد: ملک میں بجلی کی طلب 13ہزار 500میگاواٹ رہ گئی ہے جبکہ شارٹ فال 5ہزار 5سو میگا واٹ ہونے کے باعث عوام کو بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردی کے باعث بجلی کی مجموعی طلب کم ہوکر صرف 13ہزار 500میگاواٹ رہ گئی ہے تاہم عوام کو پھر بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کے عذاب کا سامنا ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 8ہزار 8سو میگا واٹ تک ہے اور پن بجلی سے بجلی کی پیداوار صرف 800میگا واٹ ہے، سرکاری تھرمل پلانٹس 1500 میگا واٹ، آئی پی پیز سے 5ہزار میگاواٹ اور نیوکلیئر پلانٹس سے1500میگاواٹ بجلی کی پیداوار ہے۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق آج بجلی کا شارٹ فال 5ہزار 5سو میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے اور طلب 13ہزار 500میگا واٹ ہے، پیداوار کم ہونے اور طلب و رسد میں فرق کے باعث شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ 8گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 10گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے جبکہ ہائی لاسز ایریا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے تک ہے۔