اسلام آباد: فرنٹیئر کور (ایف سی)بلوچستان (نارتھ)نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سال 2023 کے دوران انسداد اسمگلنگ کی کارروائیاں کیں اور چینی، یوریا کھاد، گندم اور دیگر غیر قانونی اشیا کی اسمگلنگ کو ناکام بنادیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سال2023 میں چینی 3437 میٹرک ٹن، یوریا کھاد 2441 میٹرک ٹن، بیٹل نٹس 324 میٹرک ٹن، ڈیزل 71690 لیٹرز اور گندم 1378 میٹرک ٹن کی اسمگلنگ کو ناکام بنا کر ضبط کیا گیا، اسمگلرز یہ اشیا ٹرکوں اور مسافر بسوں میں چھپا کر اسمگل کر رہے تھے، جسے ایف سی بلوچستان کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔یہ کارروائیاں ژوب، پشین، مستونگ، نوشکی، چمن، ڈیرہ اللہ یار اور پاک-افغان سرحدی علاقوں میں کی گئیں، تمام اشیا قبضہ میں لے کر کسٹمز حکام کے حوالے کر دی گئیں ہیں۔چینی و دیگر اشیا کی اسمگلنگ سے یہ اشیا ناپید اور مہنگی ہو جاتی ہیں، لوگوں کو استعمال کے لیے میسر نہیں ہوتی، اسمگلرز اور مفاد پرست ٹولہ احتجاج کرکے اپنی اسمگلنگ کو بچانا چاہتا ہے لیکن ریاست اور عوام دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جائے گا۔ایف سی بلوچستان کی جانب سے غیر قانونی اسمگلنگ کی روکام کے لیے موثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔