کراچی: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی دعوت اور ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کی ہدایت پر سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیکنیکل ٹیم نے ایڈوائزر ڈاکٹر سیما اشرف اور ڈاکٹر عمر مختار تارڑ کے ہمراہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے آئی ٹی، لائسنسنگ اور ریسورس اور ٹیکنیکل یونٹس لاہور کا دورہ کیا۔
دورے کا مقصد پنجاب فوڈ اتھارٹی کے آئی ٹی ماہرین کے تعاون سے سندھ فوڈ اتھارٹی میں ڈیجیٹلائزیشن اور آن لائن پورٹل پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اس موقع پر جنرل مینیجر انفارمیشن ٹیکنالوجی پنجاب فوڈ اتھارٹی مشہد اور دیگر آئی ٹی ماہرین نے سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیکنیکل ٹیم کو بریفنگ دی۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے اپنے نظام اور خدمات میں انقلاب برپا کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کے اقدام کا آغاز کیا ہے۔ یہ منصوبہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین کے تعاون کے ذریعے ممکن بنایا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کا مقصد سندھ فوڈ اتھارٹی کے استعداد کار کو مذید بہتر بنانا ہے۔